وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی نااہلی کی درخواست قابل سماعت قرار

وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی نااہلی کی درخواست قابل سماعت قرار

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کرپشن کے الزامات کی بنیاد پر وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کی درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کر دیاہے۔شہری فیصل نصیر نے اپنی اس درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف دونوں مل کر ملک میں کرپشن کر رہے ہیں، سرکاری اداروں میں منظور نظر افراد کو نوازا جا رہا ہے اور نااہل لوگوں کو تعینات کر کے کرپشن کی جا رہی ہے، پنجاب کے ہر سرکاری محکمے میں کرپشن کی شکایات آ رہی ہے، بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے اڑھائی سو ارب روپے کا کوئی حساب کتاب موجود نہیں ہے، کرپشن کی بنیاد پر وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف آئین کے آرٹیکل 62اور 63پر پورا نہیں اترتے ،انہیں نااہل قرار دیا جائے، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ رجسٹرار آفس نے درخواست کے ناقابل سماعت ہونے اور وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کو استثنا حاصل ہونے کا اعتراض لگایا ہے جو بلاجواز ہے، اعتراض ختم کر کے درخواست کو قابل سماعت قرار دیا جائے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست قابل سماعت قرار دے دی ، عدالت نے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی کہ درخواست کو کسی مناسب بنچ کے روبرو ابتدائی سماعت کے لئے پیش کیا جائے۔

مزید :

صفحہ آخر -