پاکستانی سفیر کی کینڈین وزیردفاع سے ملاقات،پرشادپیش کیا
اسلام آباد(پ ر) کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنرطارق عظیم نے کینڈین قومی وزیر دفاع ہر جیت سنگھ ساجن سے منگل کوملا قات کی ۔ ہائی کمشنر نے وزیر دفاع کو بابا گورونانک کے جنم دن پر ننکانہ صاحب میں تقسیم کیا جانے والا لنگر پیش کیا جس پر خیر سگالی کے اس جذبہ پر کینڈین وزیر دفاع نے ہائی کمشنر طارق عظیم کا شکریہ ادا کیا۔ ہائی کمشنر نے کینڈین وزیر دفاع کو پاکستان میں اقلیتوں سمیت سکھوں کے حالات کے بارے بریف کیاجنہیں پاکستان میں مکمل آزادی حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکھ مذہبی مقدس مقامات پر آنے والے سکھوں کو تمام سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جو کہ ہر سال دنیا بھر سے آتے ہیں۔انہو ں نے کینڈین وزیر دفاع کو دورہ پاکستان کے لئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی طرف سے دی گئی دعوت کا اعادہ کیا اور کہا کہ اس دورہ سے دونوں ممالک کو دوطرفہ تعلقات بڑھانے کاموقع ملے گا۔ہائی کمشنر نے وزیر کو پاکستان کے اس کردار کے بارے میں بھی بریف کیا جو کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن قائم رکھنے والے مشنز میں ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کئی عشروں سے امن مشنز کے لئے خدمات فراہم کر رہا ہے اور پاکستان مشنز کے لئے مسلسل طور پر فوجی فراہم کرنے والے ممالک میں سے سب سے زیادہ فوجی فراہم کرتا ہے ۔ اس وقت بھی اقوام متحدہ کے مشنز میں تمام عہدوں کے7500سے زائد پاکستانی فوجی تعینات ہیں ۔کینڈین وزیر دفاع نے پاکستانی ہائی کمشنرسے اظہار تشکر کیا اور پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت قبول کر لی جو وہ دونوں ممالک کی باہمی طور پر طے کردہ تاریخوں پر کریں گے ۔ انہوں نے سکھ زائرین کی سہولت کے لئے کئے گئے پاکستانی اقدامات کوبھی سراہا۔