نجی سود کیخلاف مہم کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے :مظفر سید ایڈوکیٹ

نجی سود کیخلاف مہم کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے :مظفر سید ایڈوکیٹ

  

 پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ صوبے میں نجی سود کے خلاف مہم کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا جس کے ذریعے ماضی میں مجبور شہریوں کا استحصال کیا گیا اور کئی گھرانے اجاڑے گئے۔اسی طرح معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ،دینی تعلیمات کا فروغ اور قانون و میرٹ کی بالا دستی کو بھی ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔وہ اپنے دفتر پشاور میں جماعت اسلامی ضلع ٹانک کے امیر عبدالقادر اور سابق امیر محمد سجاد کی زیرقیادت ٹانک و بنوں سمیت جنوبی اضلاع کے عمائدین کے مشترکہ وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے اپنے بعض علاقائی مسائل و مطالبات سے انہیں آگاہ کرنے کے علاوہ معاشرتی برائیوں باالخصوص نجی سود خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کرنے پر صوبائی حکومت کے اقدام کو سراہااور اپنے بھرپورتعاون کا یقین دلایا۔مظفر سید ایڈوکیٹ نے وفد کے جملہ مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر ازالے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ٹانک اور بنوں سمیت جنوبی اضلاع کی تیز رفتار ترقی ہماری ترقیاتی حکمت عملی کا بنیادی جزو ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت انڈس ہائی وے کی مغربی روٹ کے طور پر توسیع و تعمیر اور آئل ریفائنری کے قیام پر ہنگامی بنیادوں پر توجہ دی جا رہی ہے کیونکہ یہ جنوبی اضلاع اور پورے صوبے میں صنعتی و معاشی انقلاب کی کلید ثابت ہوں گے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی فعال قیادت میں ہماری اتحادی حکومت اپنے انتخابی اہداف کی سو فیصد تکمیل کیلئے پوری کامیابی سے قدم آگے بڑھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے و زراء اور پارٹی قیادت کا دامن کرپشن سمیت ہر قسم کی آلائشوں سے پاک ہے کیونکہ ہم سب خود احتسابی کی پالیسی پر سختی سے کار بند ہیں ہم نہ صرف خوف خدا اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہیں بلکہ ہر طرح کے عوامی احتساب کے لئے بھی ہر وقت تیار ہیں۔ مظفر سید ایڈوکیٹ نے وفد کی طرف سے ٹانک اور بنوں کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے وہاں جاری ترقیاتی سکیموں کا بذات خود جائزہ لینے اور عوامی و تنظیمی اجتماعات میں شرکت کا یقین بھی دلایا

مزید :

کراچی صفحہ اول -