نامزد میئر راولپنڈی سردار نسیم رکن پنجاب اسمبلی بھی رہ چکے ہیں

نامزد میئر راولپنڈی سردار نسیم رکن پنجاب اسمبلی بھی رہ چکے ہیں

  

 راولپنڈی(جنرل رپورٹر)حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے قائد وزیراعظم پاکستان محمدنوازشریف نے سردار محمدنسیم خان کو میئر راولپنڈی نامزد کردیا، سردارنسیم مسلم لیگ ن میٹروپولیٹن راولپنڈی کے صدر اور چیئرمین یونین کونسل 36راولپنڈی ہیں۔وہ اس سے قبل رکن پنجاب اسمبلی اورچیئرمین راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی بھی رہ چکے ہیں۔ راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کی میئرشپ کیلئے حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے 5چیئرمینوں سردارنسیم چیئرمین یوسی 36، سجادخان چیئرمین یوسی 42، شیخ ارسلان حفیظ چیئرمین یوسی 15، ملک سلطان محمود چیئرمین یوسی 45 اورحامد عباسی چیئرمین یوسی 17 نے پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواستیں دے رکھی ہیں تاہم ذرائع کے مطابق پارٹی کی صوبائی قیادت نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی منظوری کے بعد میئرراولپنڈی کیلئے سردارمحمدنسیم خان اورشیخ ارسلان حفیظ کے نام شارٹ لسٹ کرکے وزیراعظم نوازشریف کوبھجوائے تھے ۔ گزشتہ روز وزیراعظم نوازشریف نے سردارمحمدنسیم خان کا نام راولپنڈی میونسپل کارپویشن کے میئر کیلئے نامزد کردیا۔ ذرائع کے مطابق تاحال ڈپٹی میئر کیلئے حتمی نام کااعلان نہیں کیا گیا تاہم حکمران جماعت کے اہم ذرائع نے ’’روزنامہ پاکستان‘‘ کوبتایا کہ ڈپٹی میئر کیلئے چوہدری طارق فیورٹ امیدوار ہیں۔ واضح رہے کہ ڈپٹی میئر کیلئے چوہدری عمرمشتاق چیئرمین یوسی 1، ڈاکٹرشفقت ملک چیئرمین یوسی 5، راجہ مقصودحسین چیئرمین یوسی 8، چوہدری زبیر چیئرمین یوسی 11، خورشیدقریشی چیئرمین یوسی 12، چوہدری طارق چیئرمین یوسی 13، عابدعباسی چیئرمین یوسی 18، خالدسعید بٹ چیئرمین یوسی 23، لطیف زرخان چیئرمین یوسی 37، شیخ ارشد چیئرمین یوسی 41، ملک سلطان محمود چیئرمین یوسی 45اورراجہ مشتاق چیئرمین یوسی 46نے پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواستیں جمع کرارکھی ہیں۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -