طلبہ کی حاضری کیلئے بائیومیٹرک سسٹم لائیں گے ،جام مہتاب ڈہر
کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم وخواندگی جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ اسکولز و کالجز میں طلبہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک سسٹم متعارف کروانے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ غیر حاضر /گھوسٹ طلبہ کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ یہ بات منگل کو انہوں نے این جے وی اسکول کے اچانک دورے کے موقع پر موجود افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ عمارت میں کم از کم سو سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں تاکہ طلبہ و اساتذہ اور دیگر عملے کی کارکردگی کو نہ صرف مانیٹر کیا جائے بلکہ بہتر بنایا جائے ۔ انہوں نے ایکسئن ایجوکیشن ورکس ایند سروسز کو ہدایت کی کہ عمارت میں سول ورک جنوری 2017تک مکمل کر لیا جائے اور طلبہ کو ہاسٹل اور دوپہر کے کھانے کی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ دورے کے موقع پر ایکسئن جمیل احمد میمن اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈھر نے اپنے دفتر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیکریٹری کالجز اور سیکریٹری اسکولز کو ہدایات دیں کہ محکمہ تعلیم کے مرحوم ملازمین کے کوٹے اور ویڈ لاک (شادی) کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کروائیں کیونکہ حکومت خواتین کو با اختیار کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات پر سختی سے عمل کیا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم اپنے ملازمین کے مسائل قانونی دائرے میں رہتے ہوئے حل نہیں کریں گے وہ کس طرح اپنے فرائض انجام دیں گے۔ اسپیشل سیکریٹری تعلیم عالیہ شاہد نے وزیر تعلیم کو بتایا کہ اب تک تقریباً 350مرحوم ملازمین کی درکواستوں پر کاروائی کی جاچکی ہے ۔ وزیر تعلیم نے فوری طور پر ایس این ای کی رپورٹ جمع کروانے کا بھی حکم دیا ۔ اجلاس میں سیکریٹری کالجز ڈاکٹر ریاض میمن بھی موجود تھے۔