کراچی ،محمد یحییٰ پولانی کی رہائش گاہ پر محفل نعت کا انعقاد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جشن عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کے چیئرمین محمد یحییٰ پولانی کی رہائش پر محفل نعت کا انعقاد کیا ،جس میں ملک کے معروف نعت خواہوں نے نبی آخر حضرت محمد مصطفیﷺ کی شان میں گلہائے عقیدت پیش کیا ۔تقریب کے مہمان خصوصی سیلانی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سربراہ مولانا بشیر القادری تھے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا بشیر القادری نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی زندگی دنیا کے تمام انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے ۔خاتم النبیین حضرت محمدﷺ کی ذات اقدس ہی ہے جو تمام نوع انسان کیلئے ایک مکمل لائحہ عمل اور ضابطہ حیات ہے ۔ آپ ﷺ ہی وہ فرد کامل ہیں جن میں اللہ رب العزت نے وہ تمام اوصاف جاگزیں کئے ہیں جو انسانی زندگی کیلئے مکمل لائحہ عمل بن سکتے ہیں ۔ آپﷺ اپنی قوم میں اپنے رفعت کردار ، فاضلانہ وشیریں اخلاق اور کریمانہ عادات کے سبب سب سے ممتاز تھے ۔انہوں نے کہا کہ نبیﷺ سب سے زیادہ بامروت ، سب سے زیادہ خوش اخلاق ، سب سے زیادہ معزز ہمسائے ، سب سے بڑھ کر دور اندیش ، سب سے زیادہ راست گو ، سب سے زیادہ نرم پہلو ، سب سے زیادہ پاک نفس ، سب سے زیادہ خیر اندیش ، سب سے زیادہ کریم ، سب سے زیادہ نیک ، سب سے بڑھ کر پابند عہد اور سب سے بڑے امانتدار تھے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی قوم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا لقب ہی امین رکھ دیا تھا ۔محسن انسانیت ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرکے ہم دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ۔اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد ﷺ کو دونوں جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ۔آج مسلمانوں کی پستی وجہ یہی ہے کہ ہم نے نبی اکرمﷺ کی سنتوں پر عمل کرنا چھوڑ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محافل نعت کا انعقاد باعث رحمت ہے ۔ان محفلوں سے روح کو ایک تازگی ملتی ہے ۔ایسی محافلوں کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے ۔