بہترین فٹنس اور صحت کا کھیل سے گہرا تعلق ہے،منصور احمد

بہترین فٹنس اور صحت کا کھیل سے گہرا تعلق ہے،منصور احمد

  

کراچی (پ ر)سابق ہاکی اولمپیئن منصور احمد نے کہا ہے کہ بہترین فٹنس اور صحت کا کھیل سے گہرا تعلق ہے۔ انہوں کہا کہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ کھیل کھیلنا بے کار لوگوں کا کام ہے۔ انہوں نے یہ بات ہمدرد پبلک اسکول و ولیج اسکول کے زیر اہتمام منعقدہ 18 ویں حکیم محمد سعید شہید میموریل اسکول، انٹراسکول فٹبال چیمپیئن شپ 2016 کی افتتاحی تقریب میں طلبہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بچوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آج کل کے بچے اسکول ناشتہ کر کے نہیں جاتے جس سے ان میں جسمانی و ذہنی کمزوری پیدا ہو جاتی ہے اس لیے وہ ایک پراٹھہ اور آملیٹ کا ناشتہ کر کے اسکول جایا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ ابھی سے زندگی کا کوئی مقصد بنائیں کہ آپ بڑے ہو کر کیا بننا چاہتے ہیں اور اس کے لیے محنت کریں۔ تعلیم انسان کو نکھار دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ حکیم محمد سعید شہید کے قائم کردہ اسکول میں علم حاصل کر رہے ہیں جس نے اپنی ساری زندگی تعلیم و تربیت و صحت کے لیے وقف کر دی جن کی زندگی کا مقصد دوسروں کے کام آنا تھا۔ تقریب میں مدینہ الحکمہ کی نائب صدر محترمہ فاطمہ منیر احمد، ہمدرد یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حکیم عبدالحنان، یونی ورسٹی کے اسپورٹس ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان اشرف اور سابق ہاکی کے کھلاڑی حیدر حسین بھی موجود تھے۔ اس فٹ بال چیمپیئن شپ میں کل 8 ٹیموں نے حصہ لیا تھا جس کا پہلا میچ ہمدرد ولیج اسکول اور اکیڈمیاں سیویٹاز کے درمیان کھیلا گیا جسے ہمدرد ولیج اسکول نے 8-0 سے جیت لیا جبکہ اس کا دوسرا میچ سلطان محمد شاہ آغا خان اسکول اورآغا خان اسکول کھارادرکے درمیان ہوا جسے آغا خان اسکول کھارادر نے 2-0 سے جیت لیا جبکہ تیسرا میچ ہمدرد پبلک اسکول اور عثمان پبلک اسکول کے درمیان کھیلا گیاجسے ہمدرد پبلک اسکول نے 4-0 اپنی حریف ٹیم کو شکت دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائڈ کر لیا۔ چیمپیئن شپ کا آخری میچ جو کہ علی آباد کمیونٹی اسکول اور حبیب پبلک اسکول کے درمیان ہونا تھا ، حبیب پبلک اسکول کی عدم شرکت کے باعث علی آباد کمیوٹی اسکول کو واک اوور مل گیا۔ تقریب میں ہمدرد پبلک اسکول کے ایڈمنسٹریٹر خالد نسیم، اسکول کی ہیڈ مسٹریس مہرین مسعود اور ولیج اسکول کے ہیڈ ماسٹر کے علاوہ طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -