،آپریشن ضرب عضب کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ، رفیق رجوانہ

،آپریشن ضرب عضب کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ، رفیق رجوانہ

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کا تسلسل ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔قومی معاملات پر ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان اور لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال کو یقینی بنانے کے لئے مؤثر اور جامع حکمت عملی پر کام ہورہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشن ضرب عضب کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اوروہ دن دور نہیں جب ملک سے انتہاپسندی کی لعنت کو ہمیشہ کے لئے ختم کردیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے زیر اہتمام قومی سلامتی کی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ میں شرکت کرنے والوں میں سینیٹ کے ممبران، قومی و صوبائی ارکان اسمبلی،سول سوسائٹی اورمسلح افواج کے افسران سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین شامل تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی بدولت آج ملک کی اکانومی مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی سیاست کا مقصد صرف اور صرف عوامی فلاح و بہبود اور انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ تعلیم ، صحت اور سوشل سیکٹر کی بہتری کے لئے بڑے بڑے منصوبے لگائے گئے ہیں۔ ورکشاپ کے شرکاء کی جانب سے کئے گئے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کے تمام صوبے ایک اکائی کی طرح ہیں اور پنجاب کی طرح دیگر صوبوں میں بھی کئی میگاپراجیکٹس لگائے گئے ہیں جن کی جلد تکمیل سے یقیناً وہاں کی عوام کو فائدہ پہنچے گا۔قبل ازیں ادارے کےٍ سربراہ میجر جنرل غلام قمر نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد پرتفصیلاًروشنی ڈالی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -