جماعۃ الدعوۃ نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت سے متاثرہ افرادکے لئے ملتان سے 40لاکھ روپے مالیت کا امدادی سامان روانہ کر دیا

جماعۃ الدعوۃ نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت سے متاثرہ افرادکے لئے ملتان سے ...
جماعۃ الدعوۃ نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت سے متاثرہ افرادکے لئے ملتان سے 40لاکھ روپے مالیت کا امدادی سامان روانہ کر دیا

  

ملتان(آئی این پی)جماعۃ الدعوۃ کے رفاہی ادارے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت سے متاثرہ افرادکے لئے ملتان سے 40لاکھ روپے مالیت کا امدادی سامان روانہ کر دیا ۔امدادی سامان چئیرمین فلاح انسانیت فاونڈیشن(ایف آئی ایف) حافظ عبدالرؤف نے روانہ کیا۔امدادی سامان میں 500خاندانوں کے لئے خشک راشن (آٹا، چینی ،گھی ،چاول ،دالیں اور دیگر اشیائے خورونوش )پندرہ سو بستر ،500ملبوسات ، 200خاندانوں کیلئے کپڑوں کے جوڑے اورجوتے اور چار لاکھ روپے مالیت کی ادویات شامل ہیں ۔امدادی سامان کے ساتھ 8رکنی میڈیکل ٹیم بھی متاثرہ علاقوں میں خدمات سر انجام دے گی ۔ چیئرمین فلاح انسانیت فاؤنڈیشن حافظ عبدالرؤف نے مرکز سعد بن ابی وقاص کچہری چوک سے سامان روانہ کیا،اس موقع پر جماعۃ الدعوۃ جنوبی پنجاب کے زونل مسؤل ابو معاذ عمران ،جماعۃ الدعوۃ ملتان کے ضلعی مسؤل میاں سہیل اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔

چیئرمین ایف آئی ایف حافظ عبدالرؤف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اورگولہ باری سے درجنوں نہتے لوگ شہید اور سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں ،سینکڑوں خاندان اپنے گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں ،برنالہ سے لیکر چکوٹھی تک ساری کنٹرول لائن پر یہی صورتحال ہے ،بچے ،بوڑھے ،عورتیں سخت سردی میں کھلے آسمان تلے بے یارو مدد گار بیٹھے ہیں ،جبکہ ایل او سی پر بھارتی جارحیت تاحال جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نے تمام متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے ،برنالہ ،کوٹلی، نکیال، چکوٹھی ،تتہ پانی، عباس پور، ہجیرہ ،کھوئی رٹہ ،چکار ،چناری اوردیگر علاقوں میں پانچ ہزار خاندانوں میں ایک ماہ کا خشک راشن تقسیم کیا جا چکا ہے ،ایف آئی ایف کی میڈیکل ٹیموں نے 20سے زائد میڈیکل کیمپ لگا کر 6333متاثرین کا طبی معائنہ کیا اور لاکھوں روپے مالیت کی ادویات بھی تقسیم کی گئی ہیں ،نقل مکانی کر کے آنے والوں کے لئے کھانے کا انتظام کیا جا رہا ہے جبکہ متاثرین کو بستر و ملبوسات اور دیگر امدادی اشیاء بھی فراہم کی جارہی ہیں۔فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے سینکڑوں رضاکار اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ۔

ملک بھر سے امدادی سامان کے قافلے متاثرین کشمیر کے لئے روانہ کئے جا رہے ہیں،آج ملتان سے روانہ کیا جانے والا امدادی سامان بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے یہ امدادی سامان ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں رحیم یارخان ،بہاولپور، لیہ اورخانیوال کی جانب سے اپنے کشمیری بھائیوں کے لئے بھیجا جا رہا ہے۔جس میں 500خاندانوں کے لئے (چاول ،چینی ،آٹا، دالیں ،گھی ،چائے ،بچوں کے لئے دودھ ) 1500بستر ،450ملبوسات ،200جوڑے جوتے اور چار لاکھ روپے مالیت کی ادویات بھی شامل ہیں ۔امدادی کھیپ کے ساتھ 8ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف پر مشتمل میڈیکل ٹیم بھی جا رہی ہے جو مختلف علاقوں میں موبائل میڈیکل کیمپنگ کرے گی ۔ حافظ عبدالرؤف نے کہا کہ کشمیری پاکستان کے بقا ء کی جنگ لڑ رہے ہیں ،150دن گزرنے کے باوجود بھارتی فوج ان کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکی، کشمیر کے بھائیوں نے قربانیوں کی انتہا کر دی اب ہماری باری ہے کہ ہم ان کے کندھے سے کندھا ملا کر تحریک آزادی کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں ان کا ساتھ دیں ،اس کے لئے ضروری ہے کہ ہمارے ہر طبقے کے لوگ خصوصاً حکمران اپنے لڑائی جھگڑے اور مفادات کی جنگ کو چھوڑ کر کشمیریوں کے لئے یک آواز ہو کر عملی اقدمات کریں ۔

مزید :

ملتان -