تجاوزات آپریشن جاری ، مجموعی طور پر 6949کنال سرکاری اراضی و واگزار، ضلعی انتظامیہ نے رپورٹ جاری کر دی

تجاوزات آپریشن جاری ، مجموعی طور پر 6949کنال سرکاری اراضی و واگزار، ضلعی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر،اپنے نمائندے سے) ضلعی انتظامیہ لاہور انسداد تجاوزات کے خلاف آپریشن کو پور ی جانفشانی کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے شاہ عالم مارکیٹ کی کشمیری ، شو، ڈی مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن مکمل کر لیا ہے اور برآمدوں میں قائم دکانوں کو مسمار کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا شاہ عالم مارکیٹ کی عالمگیر مارکیٹ اور ہال روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے اور آپریشن میں تجاوزات کی مسماری جاری ہے ۔ اسطرح ضلعی انتظامیہ لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت پر میاں میر قبرستان میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کوجاری رکھے ہوئے ہے۔ قبرستان میں غیر قانونی احاطوں کو مسمار کیا جارہا ہے۔ ابھی تک آپریشن کے دوران2دکانوں اور تین کمروں کو مسمار کرد یا گیا ہے۔ آپریشن کی نگرانی اے سی کینٹ عمر حیات گوندل نے کی۔ اسطرح ضلعی انتظامیہ نے جی بلاک ماڈل ٹاؤن قبرستان میں احاطے توڑنے کا آپریشن بھی جاری رکھا ہوا ہے ۔آپریشن میں کُل 70احاطے مسمار کر دئیے گئے تھے ۔ باقی احاطوں کو آج مسمار کیا جائے گا۔ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن کو جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہر میں انسداد تجاوزات مہم کو بھرپور طریقے سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ لاہور نے انسداد تجاوزات و زمین واگزاری آپریشن کی رپورٹ جاری کر دی ہے ۔ تجاوزات و زمین واگزاری کا آپریشن 2اکتوبر کو شروع کیا گیا ۔ آپریشن میں اب تک 6949کنال سرکاری زمین کو واگزار کروایا گیا ہے۔واگزار کروائی گئی جگہ کی مالیت 22ارب روپے ہے۔ تفصیل کے مطابق تحصیل سٹی میں 1966کنال، تحصیل رائیونڈ میں 2036 کنال جگہ کو واگزار کروایاگیا۔ماڈل ٹاؤن میں 1663 کنال ، شالیمار میں544کنال، اور کینٹ میں 714 کنال جگہ کو واگزار کروایاگیا ہے۔آپریشن کے دوران 175افراد کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں اور 7551پختہ سٹرکچرز کو گرایا گیا۔آپریشن کے دوران 2214عارضی تجاوزات کو ہٹایا گیا اور 4973 دکانداروں کو وارننگ جاری کی گئی۔ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے کہا ہے کہ سرکار کی جگہ کی مکمل واگزاری اور تجاوزات کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔