شوکت خانم ہسپتال شعبہ ریڈیالوجی نے جدید مشینیں خرید لیں، ڈاکٹر عمران

شوکت خانم ہسپتال شعبہ ریڈیالوجی نے جدید مشینیں خرید لیں، ڈاکٹر عمران

لاہور(پ ر) ڈاکٹر عمران احمد نیازی ، ہیڈ آفریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹرنے کہا ہے کہکینسر کے علاج میں درست تشخیص ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور درست تشخیص کے عمل میں ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ کلیدی کردار ادا کرتا ہے ۔ ریڈیالوجی کی مدد سے ہی مریض کے جسم میں موجود کینسر کی ساخت اور سٹیج کا درست اندازہ لگایا جاتا ہے اور اسی بنیاد پر علاج کا مکمل پلان ترتیب دیا جاتا ہے ۔ اس ڈیپارٹمنٹ کی اہمیت کے پیشِ نظر شوکت خانم کینسر ہسپتا ل کے آغاز کے ساتھ ہی شعبہ ریڈیالوجی میں اس ضمن میں دستیاب جدید ترین میڈیکل ٹیکنالوجی متعارف کروائی جاتی رہی ہے ۔ اپنی اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے رواں برس شوکت خانم میموریل ٹرسٹ نے اس اس شعبے کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کے لیے بیش قیمت جدید مشینوں کی خریداری کی ہے تا کہ یہاں آنے والے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کااعلیٰ ترین معیار برقرار رکھا جا سکے۔ بلا شبہ ان نئی مشینوں کی شمولیت کے بعد یہاں کا ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ پاکستان بھر میں اس ضمن میں سب سے بہترین سہولیات کا حامل ڈپارٹمنٹ قرار دیا جا سکتاہے۔ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر لاہور میں بائیو میٹرکس ٹیکنالوجی سے لیس جدید ترین 3-Tesla MRI مشین نصب کی گئی ہے۔ اس مشین کی تنصیب کے ساتھ شوکت خانم ہسپتال لاہور نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ مشرقِ وسطی اور دیگر ایشیائی ممالک میں اس ٹیکنالوجی کا حامل پہلا ہسپتال بن گیا ہے۔ یہ مشین بہت مختصر وقت میں سکین کرنے اور نہایت شفاف اور واضح نتائج دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس کاخاص طور پر ڈیزائن کیا گیا بائیو میٹرکس(bio-matrix) سسٹم ایم آر آئی کے دوران سکین سیٹنگ کو مریض کے بدن کی ساخت اور جسامت کے حساب سے ایڈجسٹ کرکے نہایت مستند نتائج دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ اس کی کشادہ ٹنل اور انتہائی کم آوازسکیننگ مریضوں کے لیے اس عمل کو آسان بنا دیتی ہے۔ اس سے قبل جگر کی سکیننگ میں مریض کو 15سے 20سکینڈ تک سانس روکنے کا کہا جاتا تھا ، بصورت دیگر سکیننگ کا رزلٹ واضح نہیں ہوتا تھا لیکن اس ٹیکنالوجی کی بدولت مریض کو اس طرح کی کسی پابندی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا اور رزلٹ بھی پہلے سے بہتر آتے ہیں ۔ اسی طرح 3T-MRIمشین دماغ کی امیجنگ میں بہت ایڈوانس سہولیات فراہم کرتی ہے ۔ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ میں آنے والی دوسری اہم ترین مشین بریسٹ کینسر کی تشخیص و علاج میں بہت اہمیت رکھتی ہے جو کہ پاکستان میں سب سے زیادہ پائے جانے والے کینسرز میں سے ایک ہے ۔

کینسر

مزید : میٹروپولیٹن 1