بہتری کے دعویدار شیخ رشید نے عوام پر کرایہ بم گرادیا،اشرف بھٹی

بہتری کے دعویدار شیخ رشید نے عوام پر کرایہ بم گرادیا،اشرف بھٹی

لاہور(نمائندہ خصوصی )پاکستان پیپلز پارٹی لاہورکے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ خود کو حقیقی عوامی نمائندہ کہنے والے اور ریلوے کی بہتری کے دعویدار شیخ رشید نے عوام پر کرایہ بم گرادیاہے، ٹرینوں کے کرایوں میں 19 فیصد تک اضافہ کرکے ٹرین پر سفر کرنے والے مسافروں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

گزشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے زیر انتظام چلنے والی ٹرینیں غریب لوگوں کیلئے سفر کا سب سے آسان ذریعہ ہیں لیکن تبدیل سرکار کے وزیر ریلوے شیخ رشید نے عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں پندرہ فیصد کمی کے باوجود ٹرین کے کرائے کم کرنے کے بجائے مزید بڑھا کر مہنگائی کی چکی میں پستی ہوئی غریب عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کی دعویدار تحریک انصاف کی حکومت کے اب تک کے اقدامات نے غریب لوگوں کو صرف اور صرف تکلیف دی ہے ،وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے کا خسارہ کم کرنے کا جو دعویٰ کیا ،وہ ٹرین کے کرایوں میں اضافے سے غلط ثابت ہو گیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4