بزنس کمیونٹی نے یو بی جی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، افتخار علی ملک

بزنس کمیونٹی نے یو بی جی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، افتخار علی ملک

لاہور( نیوز رپورٹر)یونائٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے چیئر مین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی بھاری اکثریت نے فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سالانہ انتخابات میں یو بی جی کی متحرک قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ یہ انتخابات 28 دسمبر کو ہوں گے۔ گذشتہ روز جاری اپنے ایک بیان میں چیئرمین یو بی جی افتخار علی ملک نے ملک بھر کے تاجروں اور صنعتکاروں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اس مرتبہ بھی یو بی جی کے حمایت یافتہ تمام امیدواروں کو بھر پور اکثریت سے کامیاب بنائیں گیاور ہم ان انتخابات میں کلین سویپ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مختلف عہدوں کے لئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان جمہوری انداز میں اتفاق رائے کے ساتھ کیا گیا ہے اور نوجوان و باصلاحیت بزنس لیڈرز کو نامزد کیا گیا ہے جو تجارت کے فروغ، ملکی خدمت اور قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوسرے مرحلے میں مقامی کاروباری برادری کی قیادت سے ملاقاتوں کے لئے انہوں نے پشاور، مردان، اسلام آباد اور میر پور آزاد کشمیر کا دورہ کیا اور انتخابی ایجنڈا دینے کے ساتھ ساتھ انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے حقیقی مطالبات کے حل اور شکایات دور کرنے کے لئے ہر ممکن جد و جہد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر انتہائی خوبصورت خطہ ہے جس میں سیاحت کا بہت زیادہ پوٹینشل ہے اور ہم اس خطے میں کاروباری استحکام اور سیاحت کے فروغ کیلئے حکومت کی ہر ممکن مدد اور تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی کے رہنما کوئٹہ، کراچی، پشاور، لاہور اور اسلام آباد کا دورہ کرکے وہاں کے بزنس لیڈرز کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ فیڈریشن کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اعلی سطح کی نگران کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور ملک کے حصے میں ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے ایف پی سی سی آئی کی قیادت کو پہلے ہی 20 نکاتی گائیڈ لائن فراہم کی جا چکی ہے تاکہ کاروباری برادری کے حقیقی اور جائز مسائل کے فوری حل پر خصوصی توجہ دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ گروپ روز اول سے ہی ایف پی سی سی آئی کے معاملات کو کامیابی سے چلا نے کے ساتھ ساتھ کاروباری برادری کی توقعات پر پورا اتر رہا ہے۔#/s#

مزید : کامرس