محکمہ آبپاشی پنجاب کا 26دسمبر سے بھل صفائی مہم کا فیصلہ

محکمہ آبپاشی پنجاب کا 26دسمبر سے بھل صفائی مہم کا فیصلہ

لاہور ( جنرل رپورٹر)محکمہ آبپاشی پنجاب نے 26دسمبر سے سالانہ بھل صفائی مہم کے آغاز کا فیصلہ کر لیا جو 30جنوری 2019تک جاری رہے گی۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر آبپاشی محسن خان لغاری نے کہا کہ بھل صفائی مہم 2018-19ء کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، منگلا ڈیم سے نکلنے والی نہروں میں بھل صفائی کا عمل 26دسمبر سے 16جنوری تک جاری رہے گا جبکہ تربیلا ڈیم سے نکلنے والی نہروں میں 13جنوری سے 30جنوری تک بھل صفائی کی جائے گی۔ مقصد نہروں سے ٹیلوں تک پانی کی بلا رکاوٹ رسائی یقینی رکھنا ہے۔پہلے مرحلے میں 2194کینال میل پر مشتمل 316دوامی نہروں کی صفائی کی جائے گی، مہم کے پیش نظر پنجاب کی نہروں کو مرحلہ وار بند کیا جائے گا۔کام کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے فیلڈ انجینئرز کو ضروری ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔محسن خان لغاری نے کہا کہ دوسرا مرحلہ فروری سے اپریل 2019تک جاری رہے گا، اس کے دوران 1989 کینال میل پر مشتمل 304 ششماہی نہروں اور راجباہوں کی صفائی کی جائے گی۔ جن سے تقریباً 607 لاکھ کیوبک فٹ بھل نکالی جائے گی۔مہم کے دوران مجموعی طور پر4184کینال میل پر مشتمل 620دوامی و ششماہی نہروں اور راجباوں سے تقریباً 1167 لاکھ کیوبک فٹ بھل نکالی جائے گی۔صوبائی وزیر آبپاشی نے کہا کہ بھل صفائی مہم میں بلاامتیاز صفائی کا عمل یقینی بنایا جائے گا۔

،شکایات کی صورت میں ہیلپ لائن نمبر پر اطلاع دیں۔ پہلے سالوں کی غلطیاں اور غفلتیں دہرانے سے اجتناب کیا جائے۔

مزید : کامرس