صوبائی حکومت کواساتذہ کے مسائل و مشکلات کا ادارک ہے، ضیاء اللہ بنگش
پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکے مشیر برائے ابتدائی وثانوی تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کہا ہے کہ اساتذہ کے مسائل کے حل کے لئے صوبائی حکومت کو شاں ہے ۔ مشیر تعلیم نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو اساتذہ کے مسائل اور مشکلات کا اندازہ ہے اور ان تمام مسائل کو تر جیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔ یہ باتیں انہوں نے جمعرات کے روز گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول حیات آباد کے اچانک دورے کے موقع پر اساتذہ اور طلباء سے ملاقات کے دوران کیں۔ مشیر تعلیم نے سکول کے کلاس رومز کا معائنہ بھی کیا اور طلباء سے ملے اور سکول میں مسائل کے حوالے سے آگہی حاصل کی جس پر طلباء نے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ظلباء سے مختلف سوالات بھی پوچھے جن کے جوابات پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ ضیاء اللہ بنگش نے طلباء کو تاکید کی کہ وہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں تاکہ وہ بہترتعلیم حاصل کرکے دور حاضر کے تقاضوں کو پورا کر سکیں۔صوبائی مشیر سرکاری سکول میں پرائیویٹ سکول سے آنے والے طلباء سے بھی ملے اور اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا کہ اب لوگوں کا سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم پر اعتماد بحال ہو گیا ہے اور اسی طرح مستقبل میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنایا جائیگا۔ مشیر تعلیم نے سکول میں پڑھائی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اُمید ظاہر کی کہ تمام سرکاری سکولوں میں تعلیم کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے اساتذہ کو تاکید کی کہ اسی طرح لگن سے تدریسی عمل کو جاری رکھیں تاکہ آئندہ نسلوں کا مستقبل روشن ہوسکے۔انہوں نے اساتذہ کو یقین دلایا کہ اُن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیگے اور حکومت اس میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے تاکہ سرکاری سکولوں میں معیاری تعلیم کو یقینی بنایا جاسکے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے ابتدائی وثانوی تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(اوجی ڈی سی ایل )کے تعاون سے ناکبندکوہاٹ میں الشفاء آئی ٹرسٹ کے زیر اہتمام آنکھوں کے مریضوں کے مفت علاج اور آپریشن کے لئے فری آئی کیمپ کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر او جی ڈی سی ایل کے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ انچارج کیمپ نے ضیاء اللہ بنگش اور او جی ڈی سی ایل کے افسران کو کیمپ کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اُنہوں نے بتایا کہ فری آئی کیمپ میں ملک کے نامور آئی اسپیشلسٹ و سرجن ڈاکٹرز مریضوں کو مفت علاج،آپریشنز،آئی لینز اور جدید عینک اور ادویات مفت فراہم کر رہے ہیں۔ انہو ں نے مزیدبتایا کہ کیمپ میں سینکڑوں مقامی مریضوں کامفت معائنہ کیاجائے گااور انہیں مفت ادویات اور عینکیں فراہم کرنے کے علاوہ مریضوں کومفت آپریشنزاور لینز کی سہولیات بھی دی جائیں گی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران ضیاء اللہ بنگش کا کہنا تھا کہ آنکھوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو مفت علاج اور آپریشن کی سہولیات فراہم کرنا آج کے اس دور میں بہت بڑی نیکی اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔اُنہوں نے فری آئی کیمپ کا اہتمام کرنے پر او جی ڈی سی ایل اور الشفاء آئی ٹرسٹ کے خدمات کوسراہا۔ ضیاء اللہ بنگش اور دیگر افسران نے کیمپ کامعائنہ کیا اور مریضوں کی عیادت بھی کی۔اہل علاقہ نے فری آئی کیمپ کے انعقاد کوسراہا۔