کوہاٹ میں عالمی یوم انسداد بدعنوانی منایا گیا

کوہاٹ میں عالمی یوم انسداد بدعنوانی منایا گیا

پشاور( سٹاف رپورٹر)ملک کے دوسرے حصوں کی طرح کو ہاٹ میں بھی حکومت خیبر پختونخوا کی وژن کے مطابق کرپشن سے پاک اور انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے لئے عالمی یوم ا نسدادبدعنوانی کا دن منایا گیا اس دن کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب جمعرات کے روز ڈسٹرکٹ کونسل ہال کوہاٹ میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ناظم کوہاٹ محمد نسیم آفریدی تھے۔ تقریب سے اسسٹنٹ کمشنرکوہاٹ کیپٹن(ر) عبدالرحمن،ڈسٹرکٹ خطیب مفتی شفیع اللہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کوہاٹ نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر منتخب بلدیاتی نمائندے ،سرکاری ملازمین ،ضلع انتظامیہ اورسکولوں کے اساتذہ اوربچے موجود تھے۔ سکول کے بچوں نے دن کی مناسبت سے اردو اور انگریزی میں تقاریر ،ملی نغمے ،ٹیبلو اورخاکے پیش کئے جنہیں ناظرین نے بے حد سراہا ۔تقریب کے اختتام پربد عنوانی کے خلاف واک کا بھی اہتمام کیاگیاجس میں سول سوسائٹی، منتخب نمائندوں اورمختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہرسال اس دن خصوصی تقریب کا اہتمام کیاجاتاہے جوصرف نشست وبرخاست تک محدود ہوتاہے ۔بدقسمتی سے معاشرے میں کرپشن اتنا عام ہو گیا ہے کہ اچھے اور برے کی تمیز ختم ہوکر کرپٹ افراد قابل نفرت کی بجائے عزت دار بن گئے ہیں جو کہ ایک المیہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے دوسروں پر انگلی اٹھانے کی بجائے اپنے آپ سے ابتداء کرکے اس ناسور کے خلاف اٹھنا ہوگااور اس سلسلے میں حکومت کے ہا تھ مضبوط کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن پرخاموشی بھی کرپشن کے زمرے میں آتی ہے ۔ لہٰذا ہمیں اس کے ناسور کے خاتمے میں اپنا کردار اد ا کرکے نئی نسل کو کرپشن سے پاک معاشرہ دیناہوگا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر