کرتار پور کو ریڈ ور سے مسئلہ کشمیر قطعی طور پر نظر انداز نہیں ہو گا : پاکستان

کرتار پور کو ریڈ ور سے مسئلہ کشمیر قطعی طور پر نظر انداز نہیں ہو گا : پاکستان

اسلام آباد(آ ئی این پی)پا کستان نے کہا ہے کہ کرتارپور کوریڈور سے مسئلہ کشمیر قطعی طور پر نظرانداز نہیں ہوگا لہٰذا کوئی غلط فہمی میں نہ رہے،کشمیر پاکستان کا سرفہرست ایجنڈا رہے گا۔دفتر خارجہ میں گزشتہ روز ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ جاری ہے لہٰذابھارت دنیا کو گمراہ کر نا چھوڑ دے اور زمینی حقائق تسلیم کرے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان سر کریک کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر مذاکرات چاہتا ہے اور بھارت سے مثبت ردعمل کی امید رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ کولیشن سپورٹ فنڈ پر بات شروع ہوئی ہے کیونکہ بات چیت کچھ لینے اور کچھ دینے پر انحصار کرتی ہے تاہم امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان زلمے خلیل زاد کے دورے میں کوئی شرط نہیں رکھی گئی۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں اس بات پر زور دیا کہ خطے میں اہم ترجیح افغانستان میں قیام امن ہے،ڈاکٹر محمد فیصل نے طالبان وفد کی پاکستان آمد سے متعلق لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان مسئلے کا حل سیاسی ہے فوجی نہیں، پاکستان افغانستان میں مفاہمتی عمل بڑھانے پر یقین رکھتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ چینی سرکاری ٹی وی پر مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ بنانے کی خبریں غلط ہیں اور چین نے اس معاملے پر پاکستان کو تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی سرکاری ٹی وی نے تسلیم شدہ نقشہ استعمال کیا، جس میں مقبوضہ کشمیر کو سفید رنگ میں ظاہر کیا گیا،ڈالر کی قدر میں اضافے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ڈالر کی قیمتوں کا تعین کرنا وزارت خارجہ نہیں، وزارت خزانہ کی ذمہ داری ہے۔

پاکستان

مزید : صفحہ اول