سول ، عسکری ادارووں میں ہم آہنگی ، پہلی بار طاقتور افراد قانون کا دباؤ محسوس کر رہے ہیں :فواد چودھری

سول ، عسکری ادارووں میں ہم آہنگی ، پہلی بار طاقتور افراد قانون کا دباؤ محسوس ...

لندن (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سول اور عسکری تمام اداروں میں شاندار ہم آہنگی ہے،پہلی بار طاقتور افراد قانون کا دبا ؤمحسوس کر رہے ہیں،کرتارپور راہداری کے افتتاح سے ایک نئی تاریخ رقم ہوئی اورامید ہے کہ ایک دن پاکستانی مسلمانوں کو اجمیر شریف کی درگاہ پر جانے کی اجازت ملے گی۔ انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے جسے دنیا پوری طر ح جان نہیں سکی،1980سے تباہ کن حالات کا سامنا رہا، کوئی اور ملک ایسے حالات کا شکار ہوتا تو اس کا بچ نکلنا مشکل تھا،پاکستان ان تمام چینلنجز سے نبرد آزما ہوا ،مسلم ممالک اور تیسری دنیا میں جدید ملک بن کر سامنے آیا،پاکستان میں تمام ادارے فعال ہیں اور اپنی ذمہ داریاں احسن انداز سے انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آزاد عدلیہ اور متحرک میڈیا ہے، پاکستان میں میڈیا کو بے مثال آزادی حاصل ہے،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کا قیام پاکستانی قوم کی سیاسی پختگی کا مظہر ہے،پاکستان تحریک انصاف کا اقتدار میں آنا معاشرے کے متوسط طبقے کا بد عنوانی اور ‘‘سٹیٹس کو‘‘ کے خلاف انقلاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر خطہ اراضی کا نہیں بلکہ انسانی مسئلہ ہے اورہم انتظار میں ہیں کہ بھارت کشمیر پر اپنے نقطہ نظر کا دوبارہ تفصیلی جائزہ لے۔ فواد چودھری نے کہا کہ امریکہ عالمی طاقت ہے اور امریکہ کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں،وزیراعظم پاکستان نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے بہتر ین تجویز پیش کی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے آنے سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک اہم ترین اقتصادی منصوبہ ہے، یورپی یونین سمیت دیگر ممالک سی پیک کے نتیجے میں سامنے آنے والے اقتصادی مواقع سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی ترجیح عوام کو غربت سے نجات دلانا ہے،موجودہ حکومت کی پالیسیاں اسی مقصد کے حصول کیلئے ہیں۔بعدازاں وزیر اطلاعات کو انسٹیٹیوٹ کے ڈھانچے اور ورکنگ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

فواد چودھری

مزید : صفحہ اول