وزارت خارجہ ملک کی پہلی دفاعی لائن ، پاکستان کا بہترین مفاد مقدم: شاہ محمود قریشی

وزارت خارجہ ملک کی پہلی دفاعی لائن ، پاکستان کا بہترین مفاد مقدم: شاہ محمود ...

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نیوزیجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے ہم پہلی دفاعی لائن کے طور پر پاکستان کے بہترین مفاد میں، ملکی موقف بین الاقوامی سطح پر پوری تندہی کیساتھ پیش کرتے رہیں گے ،پاکستان کی خارجہ پالیسی کو علاقائی اور عالمی تناظر میں مثبت انداز میں جدید خطوط پر آگے لے کر بڑھ رہے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاوزارت خارجہ کی گزشتہ سو روزہ کارکردگی پر وزیر اعظم کی طرف سے دی جانیوالی شاباش میرے اور میری پوری ٹیم کیلئے انتہائی حوصلہ افزاء اور باعث افتخار ہے۔ پچھلے سو دنوں میں ہم نے اقوام متحدہ کی جنر ل اسمبلی میں پر زور موقف دینے، جموں و کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر، افغانستان میں قیام امن کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے ، ہمسایہ ممالک سے با ہمی تعلقات کے از سر نو احیاء ، عالمی سطح پر ناموس رسالت ؐکو اٹھانے اور کرتارپور راہداری کھولنے سمیت سفارتی سطح پر بہت سی نمایاں کامیا بیا ں حاصل کی ہیں ۔بعدازاں وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی سے جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلرنے وزارت خارجہ ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا جرمنی کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سر ما یہ کاری سے متعلق پالیسیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سرمایہ کاری کرنا چاہیے ۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین باہمی سیاسی و معاشی تعلقات کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیااور جرمنی کیساتھ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے اندر بیرونی سرمایہ کاری کیلئے ماحول کو سازگار بنانے کیلئے اقدامات کیے ہیں، توانائی، زراعت ، ویسٹ مینجمنٹ ، کان کنی اور دیگر شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے پالیسی تر تیب دی گئی ہے۔وزیر خارجہ نے جرمنی کی جانب سے انرجی فورم قائم کرنے پر شکریہ ادا کیااور صوبہ خیبر پختونخوا ، جموں وکشمیر اور گلگت بلتستا ن میں ہائیڈرو پاور میں سرمایہ کاری کرنے کی تجویز پیش کی۔انہوں نے جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر کو جرمنی میں ہنرمند پاکستانیوں کو جرمنی میں بھجوانے کی بھی تجویز پیش کی جبکہ جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے ملاقات کے دوران جرمنی کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور با ہمی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جرمنی میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

شاہ محمود

مزید : صفحہ اول