سکردو میں درجہ حرارت منفی 8تک پہنچ گیا

سکردو میں درجہ حرارت منفی 8تک پہنچ گیا

گلگت ،اسلام آباد (آ ئی این پی،آن لائن)گلگت بلتستان کے اضلاع استور اور ہنزہ میں وقفے وقفے سے برف باری جا ری ہے، ستور کے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیاہے،ملک کے دیگر حصوں میں خشک سردی سے موسمی امراض پھیل رہے ہیں۔گلگت بلتستان کے ضلع استورمیں بدھ کی رات سے وقفے وقفے سے برفباری جا ری رہی، بالائی علاقوں میں زمینی رابطے منقطع ہو گئے ہیں اور لوگ گھروں تک ہی محدود ر ہے،ہنزہ کے کچھ مقامات پر گز شتہ چند روز سے ہلکی برف باری ہو رہی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایاکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا ۔انہوں نے بتایاکہ گوجرانولہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، ملتان، ڈی جی خان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں چند مقامات پر صبح اور رات کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔انہوں نے بتایاکہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کے ساتھ ساتھ سرد ترین مقامات کا درجہ حرارت سکردو منفی8، استور،گوپس، منفی 5،گلگت منفی 3، میرکھانی، کالام، ہنزہ منفی 2اور بگروٹ میں منفی 2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

موسم سرد اور خشک

مزید : صفحہ آخر