ایران چاہ بہار میں کار بم حملہ ، تین جا ں بحق متعدد زخمی ، پاکستان کی مذمت
تہران(آئی این پی) ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے ساحلی شہر چاہ بہار میں دھماکے میں 3افراد ہلاک اور متعدد کے زخمی ہوگئے ۔ ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چاہ بہار میں پولیس ہیڈکوارٹرکی عمارت سے دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی،جس سے زوردار دھماکہ ہوا اور فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، دھماکے اور فائرنگ سے موقع پر موجود تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ذرائع نے ارنا کو بتایا واقعہ جمعرات کی دوپہر جنوب مشرقی ایران کے ساحلی شہر چاہ بہار میں پیش آیا، جہاں بڑے دھما کے کی آواز سنی گئی اور پولیس ہیڈ کوارٹر پر ہونیوالا حملہ خودکش حملہ ہوسکتا ہے،جبکہ گورنر جنرل چاہ بہار رحمدل بمری نے بتایا دہشت گردوں نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی سے پولیس ہیڈکوارٹرز پر حملہ کیا،علاوہ ازیں سیستان و بلوچستان گورنر کے سکیورٹی عہدیدار محمد ہادی مراشی نے اس دھماکے کی تصدیق کی۔ دریں اثناء پاکستان نے ایرانی شہر چاہ بہار میں دہشتگردوں کے کار بم حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ دہشتگردی کو ختم کرنے کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے چاہ بہار کار بم حملے میں تین معصوم شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔