100روز میں ریلوے کے 3کیس نیب کوبھجوائے، شیخ رشید
اسلام آباد(آ ئی این پی) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ100دنوں میں ریلوے سے متعلق 3کیسز نیب کو بھجوائے ہیں،ریلوے نے گزشتہ سال کے مقابلے میں2ارب روپے زیادہ منافع کمایا ہے، ادارے کاخسارہ40ارب اور قرضہ25ارب ہے جس کے باعث ریلوے کرایوں میں اضافہ کیا گیا، ایم ایل ون منصوبے پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔جمعرات کو وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے اجلاس میں کہا کہ وزارت ریلوے نے20نئی ٹرینیں کسی اضافی خرچ کے بغیر شروع کی ہیں۔پاکستان کے اندر بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔گزشتہ روز 10کروڑ20لاکھ روپے کی ٹکٹس فروخت کی گئیں جو ریکارڈ ہے۔پہلے 100دنوں میں ریلوے نے گزشتہ سال کے مقابلے میں2ارب روپے زیادہ منافع کمایا ہے۔روس، ترکی، کوریا اور دیگر ممالک نے ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے پے کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔سی پیک ریلوے کے منصوبوں میں چینی کمپنیوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔ریلوے کا خسارہ40ارب اور قرضہ25ارب ہے جس کے باعث ریلوے کرایوں میں اضافہ ہوا ہے۔کوشش ہے کہ ریلوے کی10ٹرینوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلائیں۔پہلے100دنوں میں ریلوے سے متعلق 3کیسز نیب کو بھجوائے ہیں۔سی پیک کے تحت کوئٹہ سے تفتان اور کوئٹہ سے گوادر نیا ٹریک بچھا رہے ہیں جس کیلئے سٹینڈرڈ گیچ بنائیں گے۔ ایم ایل ون منصوبے پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔
شیخ رشید