آمریت کا سامنا کرنا ،دہشتگردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنا پیپلز پارٹی کا شیوہ ،بلاول بھٹو زرداری

آمریت کا سامنا کرنا ،دہشتگردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنا پیپلز پارٹی کا ...

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ہم نے دہشتگردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی ، آمریت کا سامنا کیا ، یوٹرن نہیں لیا،ہمیں پاکستانی ہونے اور اپنے عظیم ملک پر فخر ہے ، ہم اپنی تمام ثقافت ، زبا نوں، روایات کے آمین ہیں ،سندھ کا ایک تاریخی حصہ ہے ، موہنجو داڑو سے پتہ چلتا ہے یہ دنیا کی قدیم ترین تہذیب ہے ، سندھ وہ خطہ ہے جہاں تہذیب تھی لاقانونیت کی کوئی جگہ نہیں تھی ، سندھ کو باب الاسلام کے نام سے یادکیا جاتا ہے ۔ گزشتہ روزیبسٹ یونیورسٹی میں سندھی ٹو پی اجرک کے دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا مجھے یہاں مدعو کرنے پر زیبسٹ یونیورسٹی کے طلبہ کا مشکو ر ہوں کسی بھی معاشرے میں کلچر کی بڑی اہمیت ہوتی ہے ، پیپلز پارٹی کی کوشش رہی ہے آئین و قانون تمام لوگوں کیلئے برابر ہونا چاہیے،تار یخ گواہ ہے پیپلز پارٹی ہمیشہ اپنے اصولوں پرکھڑی رہی آمروں کے سامنے سر نہیں جھکایا، پھانسی کا پھندا چوما مگر یوٹرن نہیں لیا۔اس موقع پر بلاول نے ’’ مرسو مرسوسندھ نہ ڈیسوں‘‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا ہم اپنی تمام ثقافتوں ، زبانوں اور روایات کے آمین ہیں، آزادی اظہار را ئے پر یقین رکھتے ہیں، تقریب میں ان کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری ، سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر ، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سینیٹرشیری رحمان نے شرکت کی ، یونیورسٹی سربراہ خسرو پرویز نے تمام مہمانوں کو سندھی ٹوپی اور اجرک پہنائی ، بلاول بھٹو کا زیبسٹ یونیورسٹی کا یہ پہلا دورہ تھا، یونیورسٹی کے طلبہ نے بلاول بھٹو زرداری کا پرجوش استقبال کیا اور جیئے بھٹو کے نعرے لگائے ۔

مزید : صفحہ آخر