منشاء بم کی مزید جائیدادوں کا انکشاف،رپورٹ جاری

منشاء بم کی مزید جائیدادوں کا انکشاف،رپورٹ جاری

لاہور(کر ائم رپورٹر) قبضہ مافیا کے ملزم منشاء بم کی مزید جائیداد کا انکشاف ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ محکمہ مال نے قبضہ مافیا کے ملزم منشاء بم کی مزید جائیداد کا انکشاف کرتے ہوے رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق ثمن زار رحمان آباد ہاؤسنگ سکیم میں بھی منشاء بم کے 9پلاٹس سامنے آئے ہیں۔ 9 پلاٹس کی اراضی 9کنال 10مرلہ بنتی ہے جو منشاء بم اور اس کے بھائی مشتاق احمد کے نام تھی۔6کنال 3مرلے منشاء بم اور 3کنال 7مرلہ مشتاق احمد کے نام منتقل کی گئی۔ آر ایل ٹو میں مذکورہ اراضی کی جمع بندی 1971اور 1972میں ہوئی۔ اس کے بعد تعین داری کی گئی ، پھر مالک داری ہوئی۔ مالک داری کے بعد منشاء بم نے 1980میں اراضی خریدی۔ منشاء بم سے محمود اشرف نامی اوورسیز پاکستانی نے 2003سے 2008 میں مذکورہ پلاٹ خریدے۔ دوسری جانب محکمہ مال نے منشاء بم کی سیاسی پشت پناہی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔منشاء بم نے ایم اے جوہر ٹاؤن میں 29کنال اربن اراضی پر قبضہ کیا۔ ملزموں میں ملک منشاء کھوکھر عرف منشاء بم، طارق منشاء ، فیصل منشاء ، عامر منشاء اور عاصم منشاء شامل ہیں۔ محکمہ مال نے رپورٹ میں ملزموں کی سیاسی وابستگی پاکستان تحریک انصاف سے ظاہر کی ہے۔

مزید : علاقائی