الیکشن ٹربیونل،6ارکان اسمبلی کیخلاف دائر انتخابی عذرداریاں نا قابل سماعت قرار
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید پرمشتمل الیکشن ٹربیونل نے6ارکان اسمبلی کے خلاف دائرانتخابی عذرداریاں ناقابل سماعت قراردے کر مستردکردیں۔فاضل ٹربیونل حلقہ این اے 95 میانوالی سے وزیر اعظم عمران خان کی کامیابی کے خلاف دائر انتخابی عذرداری پہلے ہی خارج کرچکاہے ،فاضل ٹربیونل نے سرگودھا حلقہ این اے 90 سے مسلم لیگ (ن ) کے ایم این اے حامد حمید کی کامیابی کے خلاف تحریک انصاف کی نادیہ عزیز کی انتخابی عذرداری ناقابل سماعت قراردے کر مسترد کر دی ،ٹربیونل نے این اے 93میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لئے دائر سمیرا ملک کی درخواست بھی مستردکردی جبکہ پی پی 91بھکر سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے غضنفر عباس کی نا اہلی کے لئے دائر انتخابی عذرداری بھی خارج کردی گئی ،یہ عذرداری سعید اکبر نوانی نے دائر کی تھی ۔ٹربیونل نے پی پی 78سرگودھا سے تحریک انصاف کے ایم پی اے انصر مجید کی نا اہلی کیلئے دائر انتخابی عذرداری درخواست گزار عمارہ رضوان گل کی طرف سے قانونی تقاضے پورے نہ کرنے کی بنیاد پر خارج کر دی،ٹربیونل نے حلقہ این اے 89 سے ایم این اے محسن نواز رانجھا کے خلاف دائر انتخابی عذرداری پراپنا محفوظ فیصلہ بھی سنا دیا،فاضل ٹربیونل نے اسامہ احمد کی طرف سے دائر اس عذرداری کو ناقابل پیش رفت قراردے کر مستردکیا۔تحریک انصاف کی ایم پی اے عابدہ راجہ کی نااہلی کے لئے دائر ثانیہ کامران کی انتخابی عذرداری بھی خارج کردی گئی ہے ۔
انتخابی عذرداری