وفاقی وزراء اپنے نام کے ساتھ ترجمان نیب لگائیں تو بے جا نہ ہوگا ،سعید غنی

وفاقی وزراء اپنے نام کے ساتھ ترجمان نیب لگائیں تو بے جا نہ ہوگا ،سعید غنی

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات اور وزیر ریلوے اپنے وزارتوں کے ساتھ ساتھ اپنے نام کے ساتھ ترجمان نیب لگائیں تو بے جا نہ ہوگا۔ نیب کی جانب سے جو کارروائیاں کی جارہی ہیں اس سے اداروں کی کارروائیاں متاثر ہوئی ہیں کیونکہ نیب جس کو چاہتا ہے بلاوجہ اس کے خلاف بغیر شواہد انکوائیریاں شروع کردیتا ہے۔ ہم وفاقی حکومت میں اپوزیشن میں ہیں اسی لئے حکومت کے ہر منفی اقدام پر تنقید کرتے ہیں۔ سندھ واحد صوبہ ہے جسے شجرکاری کے حوالے سے دو بار گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ شہید بینظیر بھٹو پارک کی ایک ماہ قبل جو حالت زار تھی اس کے مقابلے اب اس میں کافی بہتری آئی ہے اور آج ڈبلیو ڈبلیو ایف اور دیگر کے تعاون سے ہم 6 ہزار پودے سے شجرکاری مہم کا آغاز کررہے ہیں۔ کراچی میں کے ڈی اے 200 پارکس جبکہ صوبے کے دیگر شہروں میں بھی عوام کی سہولیات کے لئے پارکس پر کام شروع کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز کلفٹن میں واقع شہید بینظیر بھٹو پارک کے دورے اور وہاں WWF اور سانبھا بینک کے تعاون سے شروع کی جانے والی شجرکاری مہم کا پودہ لگانے کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے سمیع صدیقی، WWF اور سانبھا بینک کے اعلیٰ عہدیداران، کے ڈی کے کے سنئیر افسران رام چند، محمد سلیم اور دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب سے قبل صوبائی وزیر سعید غنی نے ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ پارک کا دورہ کیا اور بالخصوص پارک کے ساتھ بہنے والے دریا نما سیوریج کے نالے کی صفائی پر اپنے بھرپور اطمینان کا اظہار کیا اور اس حوالے سے کچھ ہدایات دی۔ انہوں نے پارک میں باقی مانندہ کاموں کے ساتھ ساتھ یہاں صفائی ستھرائی کے اعلیٰ انتظامات کی بھی ہدایات جاری کی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ WWF اور ان کے ساتھ مختلف بینک اور این جی اوز کے تعاون سے گرین پاکستان کی جو مہم ملک بھر میں شروع کی گئی ہے اس میں سے اس پارک کو بھی شامل کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں کچھ سالوں قبل شجرکاری مہم پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام شامل کیا گیا اور اس سال اپریل میں ایک روز میں 11 لاکھ پودے لگا کر صوبہ سندھ نے ایک بار پھر اپنا نام عالمی سطح کی بک میں درج کرایا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم کراچی میں غیر آباد پارکس کو بھی آباد کرنے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں صرف کے ڈی اے کے زیر انتظام 200 پارکس کو عوام کی سہولیات کے لئے تزئین و آرائش کیا جارہا ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر