لاہور سمیت پنجاب کا بیشتر حصہ دھند کی زد میں آگیا، موٹروے بند ، مختلف حادثات میں 13 افراد زخمی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت اور گردو نواح میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی محدود ہو کر رہ گئی جس کے باعث موٹروے کو بند کردیا گیا ہے۔مختلف مقامات پر حادثات کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
دسمبر کے پہلے ہفتے کے اختتام پر پنجاب کے اکثر علاقے دھند کی لپیٹ میں آ گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور، قصور، سرگودھا، فیصل آباد، شیخوپورہ، پاکپتن اور گردونواح میں شدید دھند کے باعث قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے۔ موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے پر حد نگاہ 30 میٹر رہ گئی ہے اس لیے شہریوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ موٹروے پولیس کی جانب سے لاہور سے موٹروے کو بند کردیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق قصور دیپال پور روڈ پر بس اور سکول وین میں ٹکر کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہو گئے،دوسرا حادثہ موٹروے کالاشاہ کاکوانٹرچینج کے قریب پیش آیا جہاں شدید دھند میں حد نگاہ کم ہونے کے سبب متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے میں 3 افراد زخمی ہوئے، موٹروے پولیس نے فوری ریسکیو کرتے ہوئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔