عمران خان نے امریکی صدر ٹرمپ کو خط کے جواب میں خط بھیجنے کا فیصلہ کرلیا، وزارت خارجہ کو ہدایات جاری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط کے جواب میں خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس حوالے سے وزارت خارجہ کو جواب تحریر کرنے کی بھی ہدایت کر دی گئی ہے ۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکی درخواست پر مثبت ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے اور جوابی خط میں افغان مفاہمتی عمل میں کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی جائے گی۔جوابی خط میں پاک-امریکا اسٹریٹجک مذاکرات کی بحالی کی تجویز بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق خط میں دو طرفہ تجارتی اور معاشی روابط بہتر بنانے پر بھی زور دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے ٹی وی اینکرز اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں خط لکھا ہے، جس میں پاکستان سے افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے تعاون مانگا گیا ہے۔بعدازاں وائٹ ہاو¿س نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو خط بھیجے جانے کی تصدیق کردی۔