70 فیصد معذور ملازمین پر مشتمل کمپنی نے سب سے بہترین چیز بنا ڈالی، بڑا انعام جیت لیا

70 فیصد معذور ملازمین پر مشتمل کمپنی نے سب سے بہترین چیز بنا ڈالی، بڑا انعام ...
70 فیصد معذور ملازمین پر مشتمل کمپنی نے سب سے بہترین چیز بنا ڈالی، بڑا انعام جیت لیا

  

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) ایپل کی طرف سے رواں سال میں آئی او ایس کی سب سے بہترین ایپلی کیشنز کا اعلان کر دیا ہے اور آئی پیڈ کے لیے بھارت کی ایک ایسی ایپلی کیشن کو ’آئی پیڈ ایپ آف دی ایئر‘ کا اعزاز دیا گیا ہے جس کے ملازمین کے متعلق حقیقت جان کر آپ کو انتہائی خوشگوار حیرت ہو گی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس ایپلی کیشن کا نام ’فراگی پیڈیا‘ (Froggipedia)ہے جو طالب علموں، بالخصوص میڈیکل سائنس پڑھنے والوں کے لیے بنائی گئی ہے۔ اس میں تھری ڈی شکل میں مینڈک کو عمر کے مختلف حصوں میں پیش کیا جاتا ہے اور طالب علم آئی پیڈ پر ہی ان مینڈکوں کا آپریشن کرکے ان کے اعضاءکا مطالعہ کر سکتے ہیں۔یہ ایپ اس قدر موثر او ربہترین ہے کہ ان تھری ڈی تصاویر میں موجود مینڈکوں کو آئی پیڈ کی ’ایپل پنسل‘ کے ذریعے کاٹ کر ان کی بافتوں کی مختلف پرتوں کو بھی الگ الگ کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ ایپلی کیشن صرف سات ماہ قبل ممبئی کی ’ڈیزائن میٹ‘ (Designmate) نامی سافٹ ویئر کمپنی کے انجینئرز نے تیار کی تھی۔ اس کمپنی کے ملازمین کے متعلق خاص بات یہ ہے کہ کمپنی نے اپنے اپنے دفتر میں 70فیصد ملازمین ایسے بھرتی کر رکھے ہیں جو معذور ہیں۔ ان میں چھوٹے درجے کے ملازمین سے لے کر سافٹ ویئر انجینئرز تک شامل ہیں۔ تعلیمی مقاصد کے لیے بنائی گئی اس ایپلی کیشن کا تذکرہ خود ایپل نے بھی اپنی ایک تقریب میں کیا اور بالی ووڈ سٹار عامر خان نے بھی اپنے ٹی وی شو میں اتنی بڑی تعداد میں معذور افراد کو نوکریاں دینے پر کمپنی کو سراہا۔ کمپنی کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کیپٹن کے جے براڑ کا کہنا تھا کہ ”ہم 2010ءسے آئی او ایس ایپلی کیشنز بنا رہے ہیں اور ہم جانتے تھے کہ جدید دور کے کلاس رومز میں فراگی پیڈیا جیسی ایپلی کیشن کی بہت مانگ ہو گی۔ یہ ایپلی کیشن ہمارے 8ڈویلپرز نے صرف 2ہفتے میں تیار کی۔ اس دوران ہماری ٹیم کو ایپل کے ماہرین کا تعاون بھی حاصل رہا۔ “

مزید : ڈیلی بائیٹس