بچے کی جان بچانا چاہتے ہیں یا ماں کی؟ حاملہ خاتون کے شوہر سے آپریشن سے پہلے ڈاکٹر نے سوال کیا تو اس نے بچے کا انتخاب کرلیا اور پھر۔۔۔
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں ایک حاملہ خاتون کی اچانک طبیعت خراب ہو گئی اور اس کا شوہر اسے فوری ہسپتال لے کر گیا جہاں ڈاکٹروں نے کہا کہ وہ ماں اور بچے میں سے ایک کو بچا سکتے ہیں۔کس کو بچائیں؟ اس شخص نے جواب میں ایسا انتخاب کیا کہ سن کر آپ کی حیرت کی انتہاءنہ رہے گی۔ میل آن لائن کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست کلوریڈو کے شہر لٹلیٹن کا ہے جہاں کیوونی کونئی نامی خاتون کے حمل میں پیچیدگی آئی اور اس کے جسم سے خون بہنا شروع ہو گیا۔ ابھی اس کا حمل ساتویں مہینے میں تھا۔ ڈاکٹروں نے اس کے شوہر فریڈرک کو کہا کہ اگر بچے کو بچانا ہے تو فوراً آپریشن کرنا پڑے گا لیکن آپ کی بیوی کی حالت ایسی ہے کہ وہ آپریشن برداشت نہیں کر پائے گی اور مر جائے گی، تو آپ کس کو بچانا چاہتے ہیں۔ اس پر فریڈرک نے کہا کہ ’میں بچے کو بچانا چاہتا ہوں۔‘
فریڈرک کے اس انتخاب پر ڈاکٹروں نے کونئی کا آپریشن کر ڈالا، جس میں اس کے ہاں بیٹی کا جنم ہوا۔ کونئی انتہائی تشویشناک حالت میں تھی جب اسے اس کی نومولود بیٹی کی تصاویر دکھائی گئیں اور اس کے فوری بعد وہ دم توڑ گئی۔فریڈرک نے جب بعدازاں اس انتخاب کے حوالے سے پوچھا گیا تو اس نے کہا کہ ”میں نے سمجھا کہ شاید میری بیوی بھی یہی چاہتی تھی۔ اگر اس کے حواس بحال ہوتے تو وہ بھی کہتی کہ اس کی بیٹی کو بچا لیا جائے۔ اگر میں کونئی کو بچانے کا فیصلہ کرتا تو ممکن تھا کہ وہ بیٹی کی موت کی وجہ سے تمام عمر مجھ سے نفرت کرتی۔میں اپنی بیوی سے بہت محبت کرتا ہوں۔ جس روز میں نے اسے کھویا اسی روز مجھے میری بیٹی ملی۔ اس سے بھی میں اتنی ہی محبت کرتا ہوں۔میں نے اس کا نام بھی کیوونی کونئی ہی رکھا ہے۔“