حکمران اپنی نااہلی کو چھپانے کیلئے شریعت کے منافی سرگرمیوں کا سہارا نہ لیں:حافظ عبدالغفار روپڑی 

حکمران اپنی نااہلی کو چھپانے کیلئے شریعت کے منافی سرگرمیوں کا سہارا نہ ...
حکمران اپنی نااہلی کو چھپانے کیلئے شریعت کے منافی سرگرمیوں کا سہارا نہ لیں:حافظ عبدالغفار روپڑی 

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا ہے کہ حکمران اپنی نااہلی کو چھپانے کیلئے شریعت کے منافی سرگرمیوں کا سہارا نہ لیں،’’صرف دو بچوں‘‘ کا نعرہ انتہائی گمراہ کن ہے،میاں بیوی دو بچے پیدا کر کے صرف اپنا متبادل چھوڑتے ہیں، نسل کو آگے بڑھانے کیلئے معاشرے کو کچھ نہیں دیتے۔

تفصیلات کے مطابق معروف عالم دین شیخ الحدیث مولاناحافظ عبدالغفار روپڑی نےجامعہ دارالقدس چوک دالگراں لاہور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ازدواجی زندگی بقائے نسل انسانی کیلئے ہے،منصوبہ بندی کی مہم کا اعلان کرنے والے فطری ضابطہ کی خلاف ورزی اور احکامات الٰہی سے منہ پھیرنے سے باز رہیں،بظاہر خوبصورت ناموں اور پردوں میں چھپا کر ضبط ولادت کا پروگرام مختلف حیلوں اور بہناوں سے امت پر نافذ کرنے والے اسلام کی قوت کو کمزاور اور شان و شوکت کو ماند کرنے کے درپے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاشی بحران سے بچنے کیلئے آبادی میں اضافے  کی رفتار کو کم کرنے کی بجائے معیشت کو مضبوط اور مستحکم کرنے کی ضرورت ہے،مغرب کی اندھی تقلید کرنے والے جان لیں کہ مغرب میں شرح پیدائش میں کمی کے باعث بوڑھوں کی تعداد میں اضافے سے سفید بالوں والا معاشرہ وجود میں آ رہا ہے اور نوجوانوں کے معاشرے کی نسبتاً کم پیدا وار ہے اور وہ معاشرہ اپنے اختتام تک پہنچ چکا ہے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور