82 سالہ ریکارڈ توڑنے والے یاسر شاہ کا شکست پر کیا کہنا ہے؟ جان کر آپ بے حد دکھی ہو جائیں گے
ابوظہبی (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکست پر جہاں پوری قوم افسردہ ہے وہیں اس سیریز میں انتہائی عمدہ کارکردگی کے ذریعے 82 سالہ ریکارڈ توڑنے والے یاسر شاہ بھی خاصے غمگین اور مایوس ہیں۔
مین آف دی سیریز قرار دئیے جانے والے یاسر شاہ نے تیسرے میچ میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس سیریز میں 29 وکٹیں حاصل کیں اور اتنی اچھی کارکردگی دکھانے کے بعد شکست ہونا مایوس کن ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ابوظہبی ٹیسٹ میں شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی ہے۔ قومی ٹیم 280 رنز کے تعاقب میں 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی، نیوزی لینڈ کے کپتان ولیم سن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے مزاحمت کرنے والے واحد کھلاڑی بابر اعظم تھے جنہوں نے نصف سنچری سکور کی اور 51رنز بنا کر اعجاز پٹیل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کا اگلا پڑاؤ جنوبی افریقہ ہے جس کیلئے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی واپسی ہوئی ہے جبکہ محمد رضوان اور شاداب خان کو بھی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔