وزیر اعظم میڈیا کے 8 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایات جاری کریں،اے پی این ایس اور پی بی اے کا وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر شدید تحفظات کا اظہار

وزیر اعظم میڈیا کے 8 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایات جاری کریں،اے پی این ایس اور ...
وزیر اعظم میڈیا کے 8 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایات جاری کریں،اے پی این ایس اور پی بی اے کا وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر شدید تحفظات کا اظہار

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) اور پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے  وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ میڈیا کے 8 ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کے لیے متعلقہ وزارتوں کو ہدایات جاری کی جائیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق اے پی این ایس اور پی بی اے نے وفاقی وزیر اطلاعات کے بیان پرشدیدتحفظات کا اظہار کیا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیاتھا کہ میڈیا انڈسٹری کے آدھے سے زائد واجبات کی ادائیگی کر دی گئی ہے لیکن اس کے باوجود اس رقم کو ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے استعمال نہیں کیا گیا۔فواد چوہدری نے کہا تھا کہ میڈیا کے ایک ارب 30 کروڑ روپے کے واجبات میں سے 60 کروڑ روپے میڈیا ہاؤسز کو جاری کر دیئے گئے ہیں۔

اے پی این ایس اور پی بی اے کی جانب سے وزیر اطلاعات کے بیان کو جھوٹ اور میڈیا صنعت میں تنازعات کا باعث قرار دیتے ہوئے اس پر شدید تحٖفظات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت پر میڈیا کی واجب الادا رقم ایک ارب 30 کروڑ روپے نہیں بلکہ 8 ارب روپے ہے اور اس میں سے حکومت نے 10 فیصد کی ادائیگی بھی نہیں کی۔بیان میں کہا گیا کہ ان 8 ارب روپے میں سے تقریباً 3 ارب روپے 4 سال سے زائد عرصے سے حکومت پر واجب الادا ہیں جب کہ باقی 3 ارب روپے 9 سے 15 ماہ کے درمیان حکومت پر واجب الادا ہیں۔حکام کی جانب سے کہا گیا کہ زیادہ تر رقم وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کو ادا کرنی ہے۔واضح رہے کہ چیف جسٹس نے میڈیا واجبات کی ادائیگی کے لیے خصوصی اجلاس طلب کیا تھا اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے کہا تھا کہ وہ 30 روز کے اندر غیر متنازع ادائیگیاں کر دیں تاہم تقریباً 60 روز گزر جانے کے باوجود واجبات کی ادائیگی اب تک نہیں کی گئی۔اے پی این ایس اور پی بی اے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں وفاقی وزیر اطلاعات کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری کا بیان نہ صرف غلط اور گمراہ کن ہے بلکہ وفاقی وزیر اطلاعات کے عہدے کے شایان شان بھی نہیں ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے اے پی این ایس ایگزیکٹو کمیٹی کو 16 اکتوبر 2018 کو یقین دہانی کرائی تھی لیکن اس کے باوجود اب تک مکمل رقم کا 10فیصد بھی ادا نہیں کیا گیا ہے لہذا وزیر اعظم عمران خان متعلقہ محکموں کو فوری طور پر میڈیا کے 8 ارب روپے واجبات کی ادائیگی کے لیے ہدایات جاری کریں ۔

مزید : قومی