سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز،سلیکشن کمیٹی نے سرجوڑ لئے،ٹکٹوں کی فروخت بھی شروع

سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز،سلیکشن کمیٹی نے سرجوڑ لئے،ٹکٹوں کی فروخت بھی شروع
سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز،سلیکشن کمیٹی نے سرجوڑ لئے،ٹکٹوں کی فروخت بھی شروع

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں چاردن باقی ہیں۔اس حوالے سے پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ہوا،مصباح الحق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سلیکٹرز نے سیریز کے حوالے سے مشاورت کی اور اپنی آراکااظہارکیا۔پاک سری لنکا 2 میچزکی سیریز11 دسمبرسے راولپنڈی میں شروع ہوگی جبکہ دوسرا اورآخری ٹیسٹ میچ 19 دسمبرکوکراچی میں کھیلاجائےگا۔دوسری جانب ٹکٹوں کی آن لائن فروخت بھی آج یعنی سات دسمبر سے شروع ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ذریعے پاکستان میں 10سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے۔اس ضمن میں پاکستان آنے والے آئی سی سی کے اعلیٰ آفیشلز کے نام بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔11سے 15 دسمبر تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی میں میچ ریفری کی ذمہ داریاں اینڈی پائی کرافٹ نبھائیں گے آن فیلڈ امپائرز کی ذمے داریاں رچرڈ کیٹل برو اور مائیکل گف نبھائیں گے۔میچ میں رچرڈ ایلنگ ورتھ تھرڈ امپائر اور شوزب رضا فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔

19 سے 23دسمبر تک جاری رہنے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے جیف کرو کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے جبکہ بروس اوکسن فورڈ اور جوئل ولسن آن فیلڈ امپائرزکی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت اور ان کی مالیت کے حوالے سے بھی تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے۔دونوں ٹیسٹ میچز کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آج یعنی سات دسمبر سے شروع ہوگی ۔راولپنڈی میں شیڈول پہلے ٹیسٹ میچ کے ٹکٹ 7دسمبر سے ٹی سی ایس کے مقررہ کردہ سینٹرز پر بھی دستیاب ہوں گے اور اسی طرح کراچی میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹی سی ایس کے سینٹرز پر ٹکٹس 9 دسمبر سے دستیاب ہوں گے۔پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کے موقع پر پی سی بی نے ٹکٹوں کی مالیت 50روپے مقرر کی ہے جہاں راولپنڈی اسٹیدیم میں شعیب اختر انکلوڑر کے ٹکٹس پچاس روپے میں دستیاب ہوں گے۔اسی طرح کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاوید میانداد، فضل محمود، قائد، وسیم اکرم، عمران خان، اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوڑرز کے ٹکٹس 50 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

پی سی بی نے شائقین کرکٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ ٹی سی ایس سینٹرز سے ٹکٹوں کی خریداری کے وقت اپنا قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں جبکہ ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 10 ٹکٹس خریدے جاسکیں گے۔

مزید : کھیل