محمد ارشد ندیم نے ٹوکیو اولمپکس کیلئے کوالیفائی کر کے تاریخ رقم کر دی، پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند ہو گئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی ایتھلیٹ محمد ارشدندیم نے ٹوکیو اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرکے تاریخ رقم کر دی ہے جن کا کہنا ہے کہ اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کا خواب پورا ہونا پاکستان اور میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ایتھلیٹ محمد ارشد ندیم پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایتھلیٹکس ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔محمد ارشد کا کہنا ہے کہ اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کا خواب پورا ہونا پاکستان اور میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔پاکستان اس سے قبل اولمپکس گیمز میں وائلڈ کارڈ کے ذریعے شرکت کرتا تھا لیکن محمد ارشد نے جیولن تھرو 86 اعشاریہ 29 میٹر دور پھینکا تھا جو ان کا سیف گیمز اور نیشنل گیمز کا ریکارڈ بن گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے ساؤتھ ایشین گیمز میں اب تک 20 گولڈ میڈل، 24 سلور اور 33 برانز میڈل حاصل کر لئے ہیں اور یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی کھلاڑی نے ٹوکیو اولمپکس کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز 13ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں نمایاں کارکردگی کے حامل کراٹے کاز کی وطن واپسی ہوئی تھی، 3 گولڈ میڈلسٹ کراٹے کاز کا ایئرپورٹ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا تھا۔تیرہویں ساﺅتھ ایشین گیمز میں سعدی عباس نے 2 گولڈ میڈل، کلثوم ہزارہ نے 1 گولڈ، 1 سلور میڈل جیتا جبکہ شہباز خان نے بھی ایک گولڈ میڈل حاصل کیا۔