سندھ کے کچھ مایوس لوگ عمران خان سے ملے،  گبھرائے ہوئے شخص نے کہا گھبرانا نہیں:مراد علی شاہ

سندھ کے کچھ مایوس لوگ عمران خان سے ملے،  گبھرائے ہوئے شخص نے کہا گھبرانا ...
سندھ کے کچھ مایوس لوگ عمران خان سے ملے،  گبھرائے ہوئے شخص نے کہا گھبرانا نہیں:مراد علی شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے کچھ مایوس لوگ وزیر اعظم عمران خان سے ملنے کیلئے اسلام آباد گئے،جہاں پر گھبرائے ہوئے شخص نے اِنہیں کہا کہ گبھرانا نہیں، مایوسی کے شکار لوگ ہمیشہ مایوس ہی  رہیں گے، سندھ میں ترقیاتی کاموں سے مسترد سیاسی لوگوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں،وفاق نے کچھ منصوبے شروع کئے تھے، عمران خان نے کراچی کا بڑا ہونے کا دعویٰ تو کیا لیکن یہاں کوئی منصوبہ شروع کیا نہ نواز شریف کے دور کے منصوبوں کا مکمل کیا۔

5.9ارب روپے کے7ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے  ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گھبرایا ہوا شخص کراچی  کے تاجروں کو چور کہتا ہے،وزیراعظم  نے سی سی  آئی کا  اجلاس دسمبر11کو بلایا تھا  مگر  بعد میں ملتوی کردیا، اسلام آباد میں بیٹھا ہوا شخص  اِن سے خوفزدہ ہے، یہی وجہ ہے کہ اُنہوں نے اپنے دورہ کراچی کے دوران اِن سے ملاقات کی اور نہ ہی وہ سی سی آئی کا اجلاس بلا رہے ہیں کیونکہ وہ میرا سامنے کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اُنہوں نے  ورلڈ بینک  کے تعاون سے کراچی ڈائیگنوسٹک سٹڈی کرائی تھی جس میں یہ بتایا گیا کہ کراچی کی ترقی کے لیے  ایک ٹریلین روپوں کی ضرورت ہے،کراچی کے میئر نے آج اُن سے ملاقات کی اور2 ارب روپے کا ترقیاتی کاموں کے لیے مطالبہ کیا جو کہ میں نے انہیں دے دیئے مگر  اْس کے ساتھ ساتھ اِنہیں بتایا کہ اِس گنجان آباد شہر  کے لیے یہ بہت کم رقم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ  کراچی میگا پروجیکٹ کے تحت36منصوبے شروع کیے جن میں سے زیادہ تر مکمل ہوچکے ہیں،شاہراہ فیصل  کی دوبارہ تعمیر اور توسیع برساتی نالوں کے ساتھ تعمیر ہوئی ہے جوکہ  شہید ذوالفقار علی بھٹو  کے1970کے دور میں تعمیر ہونے کے بعد اب دوبارہ تعمیرہوئی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں  سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ  یہ ہمارے لیے قابل فخر بات ہے کہ ہم کراچی کے شہریوں کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے  ترقیاتی منصوبوں  کی کامیاب تکمیل کے بعد ان کا افتتاح کررہے ہیں۔