اچھی فصل کے لئے گندم کو سردی سے محفوظ رکھا جائے،ماہرین

اچھی فصل کے لئے گندم کو سردی سے محفوظ رکھا جائے،ماہرین

  

فیصل آباد(اے پی پی)ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو کورا پڑنے کی متوقع راتوں میں گندم کی فصل کی ہلکی آبپاشی کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ پانی لگانے کی صورت میں کھیت کا درجہ حرارت اچانک کم نہیں ہوتا اور پودوں میں کورے کے خلاف قوت مدافعت بھی پیدا ہو جاتی ہے لہذا فصل کو نقصان پہنچنے کا احتمال نہیں رہتااور کاشتکاروں کو اچھی فصل حاصل کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ گندم کو سردی اور کورے سے محفوظ رکھنے کیلئے بروقت حفاظتی اقدامات ضروری ہیں کیونکہ فصل کی جس قدر بہتر نگہداشت کی جائے گی اسی قدر بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ گندم کی زیادہ اگیتی اور زیادہ پچھیتی کاشتہ فصل کو کورے کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے یوریا کی مناسب مقدار استعمال کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ اگر کاشتکار زمین کے وتر آنے پر فوری گوڈی کریں تو کھیت میں محفوظ نمی اوپر آنے سے کھیت کا درجہ حرارت کم نہیں ہوگا کہاکہ کور ا پڑنے کی متوقع راتوں میں گندم کے کھیتوں کے کنارے مختلف جگہوں پر اگر گڑھے کھود کر ان میں بھوسہ وغیرہ بھر دیں۔

 اور اسے آگ لگا کر اوپر کوئی چیزرکھ دیں تو اس سے نکلنے والے دھوئیں کے باعث فصل کورے سے محفوظ رہ سکتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ شدید کورے کی صورت میں کاشتکار 2کلوگرام یوریا فی ایکڑ 100لیٹر پانی میں ملا کر بھی سپرے کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر کاشتکار فصل کو نقصان سے بچائیں تو فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔

مزید :

کامرس -