ٹی 20سیریز، نیوزی لینڈ کے خلاف 18رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان، سرفراز کی واپسی

ٹی 20سیریز، نیوزی لینڈ کے خلاف 18رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان، سرفراز کی واپسی

  

  لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے18 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ٹیم میں سرفراز احمداور حسین طلعت کی واپسی ہوئی ہے جبکہ نیوزی لینڈ اے کے خلاف  چار روزہ میچ کے لئے بھی پاکستان شاہینز کے 16 رکنی اسکواڈ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کے تین میچز 18، 20اور 22 دسمبر کو بالترتیب آکلینڈ، ہملٹن اور نیپئر میں کھیلے جائیں گے ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، سرفراز احمد، محمد رضوان،حیدر علی، محمد حفیظ، افتخار احمد، خوشدل شاہ،حسین طلعت،  محمد حسنین، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر،وہاب ریاض،  فہیم اشرف،موسیٰ خان،  عماد وسیم اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔17 دسمبر سے وانگرائے میں نیوزی لینڈ اے کے خلاف شروع ہونے والے چار روزہ میچ کے لیے پاکستان شاہینز کے 16 رکنی اسکواڈ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔ پاکستان شاہینز کے سکواڈ میں کپتان روحیل نذیر سمیت عمران بٹ، امام الحق، ذیشان ملک،شان مسعود،عابد علی، اظہر علی، یاسر شاہ، سہیل خان، عماد بٹ،حارث سہیل،فواد عالم، محمد عباس، ظفر گوہر، نسیم شاہ اور دانش عزیز  اسکواڈ میں موجود  ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز فی الحال کرائسٹ چرچ میں اپنی قرنطینہ کی مدت پوری کررہے ہیں۔ دونوں اسکواڈز 8 دسمبر کو کرائسٹ چرچ سے کوئنز ٹاؤن روانہ ہوں گے۔ جہاں وہ علیحدہ علیحدہ ہوٹلز میں قیام کریں گے۔ دونوں اسکواڈز 9 دسمبر سے کوئنز ٹاؤن میں اپنی ٹریننگ کا آغاز کردیں گے۔کوئنز ٹاؤن میں ٹریننگ سیشنز اور انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچز کھیلنے کے بعد دونوں اسکواڈز سیریز میں شرکت کے لیے اپنے اپنے مقررہ وینیوز پر روانہ ہوجائیں گے۔قومی اسکواڈ 15 دسمبر جبکہ پاکستان شاہینزکا اسکواڈ 14 دسمبر کو بالترتیب آکلینڈ اور وانگرائے روانہ ہوگا۔قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق  نے کہاہے کہ وہ مشکل حالات میں صبر اور برداشت کا بہترین مظاہرہ کرنے والے ان تمام کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے کوویڈ 19 کی عالمی وباء کے دوران کرکٹ کی سرگرمیوں کی بحالی میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔دنیا کے ہر مایہ ناز ایتھلیٹ کو اپنے ملک کی نمائندگی سے قبل ایک مخصوص ماحول درکار ہوتا ہے کہ جہاں وہ کھیل کے آغاز سے قبل اپنی تیاری مکمل کرسکے، ہم عوام کی صحت اور حفاظت کے لیے بنائے گئے نیوزی لینڈ کے قوانین کا مکمل احترام کرتے ہیں تاہم ایسے میں اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتاہے کہ بعض قواعدوضوابط کے نفاذ نے ہمارے کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طورپر متاثر کیا ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ آئندہ 2 روز میں جب ہم اپنی آئسولیشن کی مدت مکمل کرکے یہاں سے روانہ ہوں گے تو یہ سب کچھ پس پشت رہ جائے گا اورپھر اس وقت ہماری تمام تر توجہ دونوں طرز کی کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہونے پر مرکوزہوجائے گی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -