نیورو انسٹیٹیوٹ، بچوں کی سرجری کیلئے پروفیسر آف پیڈراٹک آسامی کی منظوری 

        نیورو انسٹیٹیوٹ، بچوں کی سرجری کیلئے پروفیسر آف پیڈراٹک آسامی کی ...

  

 لاہور(نمائندہ خصوصی)صوبائی حکومت نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں بچوں کی نیورو سرجری قائم کرنے کے لئے پروفیسر آف پیڈراٹک نیورو سرجری کی آسامی کی منظوری دے دی ہے جبکہ نیورو انجیوگرافی کی سہولت بھی جلد فراہم کر دی جائے گی تاکہ مریضوں کو تمام تشخیصی و علاج معالجے کی سہولیات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوسکیں۔ان خیالات کا اظہار ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے ادارے کی 2سالہ کارکردگی اور مستقبل کی کی گئی منصوبہ بندی بارے تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر علی رزاق،اے ایم ایس ڈاکٹر شاہد محمود،ڈائریکٹر فنانس محمد عارف،نرسنگ سپرنٹندنٹ رضیہ شمیم،،بجٹ اینڈ اکاؤنٹ آفیسر کبیر نیازی سمیت ڈاکٹرز، فارماسسٹ اور ملازمین موجود تھے۔پروفیسرخالد محمودکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ہیلتھ ویژن کی روشنی میں نیورو انسٹی ٹیوٹ میں زیر علاج مریضوں کو ادویات اور سرجری کے لئے آپریشن کا سامان مفت فراہم کرنے کے لئے حکومت پنجاب نے 59کروڑ روپے کا بجٹ فراہم کر دیاہے۔ مزید برآں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کے لئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 39کروڑ روپے کی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ" پنز" کی خودمختاری کے بعد مختلف شعبوں میں 350نئی آسامیوں کی فراہمی سے مجموعی تعداد 1200ہو گئی اوراس اقدام سے ادارے کی کارکردگی اور مریضوں کی دیکھ بھال کا معیار مزید بلند ہوا ہے نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ شمیم کا کہنا تھا کہ نیورو سرجری،نیورالوجی،آپریشن تھیٹرز، آئی سی یو اور ایچ ڈی یو میں 415نرسیں تینوں شفٹوں میں فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ اس موقع پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے 2سال مکمل ہونے پر پروفیسرڈاکٹر خالد محمود نے کیک بھی کاٹا اور ملازمین کو مبارکباد دی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -