مالی سال 2020، ریٹرن، فائل کرنے والوں کی تعداد میں 23فیصد کمی 

  مالی سال 2020، ریٹرن، فائل کرنے والوں کی تعداد میں 23فیصد کمی 

  

اسلام آباد(این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 8 دسمبر کی آخری تاریخ سے قبل ٹیکس سال 2020 کیلئے گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریبا 23 فیصد کم انکم ٹیکس گوشوارے موصول کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بورڈ کو 5 دسمبر تک 13 لاکھ 10 ہزار ٹیکس گوشوارے موصول ہوئے جبکہ ٹیکس سال 2019 میں 16 لاکھ 90 ہزار ریٹرنز جمع کرائے گئے تھے۔ان میں تنخواہ دار اور غیر تنخواہ دار افراد، افرادی و کمپنیوں کی ایسوسی ایشنز دونوں شامل ہیں۔جائزے کے دوران اس عرصے میں گوشواروں کیساتھ وصول کیا گیا ٹیکس 6 ارب 50 کروڑ روپے رہا جب کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں یہ 12 ارب 80 کروڑ روپے وصول کیا گیا تھا جو 49.2 فیصد کی کمی کی عکاسی کرتا ہے۔ٹیکس سال 2020 کیلئے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ میں ستمبر کے بعد سے توسیع کی گئی تھی تاکہ عوام کو اپنا ریٹرن فائل کرنے میں آسانی ہو۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود خان نے بتایا کہ آخری تاریخ میں مزید توسیع نہ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریٹرن فائلنگ میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نان فائلرز کو ریٹرن فائل کرنے کیلئے اضافی وقت طلب کرنے کیلئے متعلقہ ٹیکس آفس میں درخواست جمع کرانا ہوگی۔جرمانے کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کیلئے کوئی جرمانہ نہیں ہوگا جنہوں نے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کیلئے توسیع مانگی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مزید توسیع نہ کرنے کے فیصلے کا مقصد ملک میں ٹیکس نظم و ضبط لانا ہے۔

 گوشوارے

مزید :

صفحہ آخر -