اب مقابلہ نیب اور سینیٹ کا ہے، انہیں ہرحال میں بے نقاب کرینگے: ڈپٹی چیئر مین، قانونی کارروائی کریں گے، قومی احتساب بیورو
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈویوالا نے کہا ہے کہ سینیٹ کسی ایک فرد کیلئے کام نہیں کرے گی، اب مقابلہ سینیٹ اور نیب کا ہے، اس کو ہر حال میں بے نقاب کریں گے۔ سلیم مانڈویوالانے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ اجلاس بلانے کی ریکوزیشن تیارکر لی، اجلاس میں نیب کی زیرحراست ہلاکتوں پر بھی بات ہو گی، لواحقین کو سینیٹ میں بلائیں گے۔ پورے پاکستان کو گرفتار کریں، کسی کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ تمام پلی بارگین والوں کو بھی بلائیں گے، ان سے پوچھیں گے یہ کیسے ہوا۔ نیب کی طرح چھپے کمرے میں انویسٹی گیشن نہیں کریں گے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ نیب نے ظلم کیے، اس کی تحویل میں لوگ مرے۔ نیب کوایکسپوزکرنے کیلئے ایک ایک سینیٹر متحد ہے، نیب کے سٹاف کی ڈگریاں چیک کریں گے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ نیب کے ادارے اور افسران کو کنٹرول کیا جائے، یہ مقابلہ سلیم مانڈویوالا اور نیب کا نہیں، سینیٹ اورنیب کا ہے سینیٹ نیب اہلکاروں کے اثاثے بھی چیک کرے گا۔
سلیم مانڈویوالا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) نیب نے دوران حراست اموات اور پلی بارگین کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے الزام تراشی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دوران حراست کسی شخص کی ہلاکت نہیں ہوئی۔ نیب چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں کرپشن کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔نیب کا کہنا ہے کہ پلی بارگین ملزم کے اعتراف جرم کی درخواست پر احتساب عدالت منظور کرتی ہے۔ پلی بارگین کرنے والا دس سال تک الیکشن لڑنے کے لیے نااہل ہو جاتا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پلی بارگین کے وقت ملزم کا بیان بھی قلمبند کیا جاتا ہے۔ نیب پر الزامات لگانے والی تمام میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہیں۔ نیب ایسے تمام افراد کو قانونی نوٹسز جاری کرے گا، جنہوں نے بے بنیاد الزام لگایا۔نیب نے کہا ہے کہ الزامات لگانے والے 14 دن کے ساتھ اپنے دعوے کو ثابت کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
نیب