پشاور، خیبر  ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن نہ ملنے پر کورونا کے 7مریض جاں بحق، ملک بھر میں 58افراد دم توڑ گئے 3308نئے کیس رپورٹ 

      پشاور، خیبر  ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن نہ ملنے پر کورونا کے 7مریض جاں بحق، ...

  

  پشاور، اسلام آباد(کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے کہاہے کہ خیبرٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن سلنڈرز بروقت نہ پہنچنے پر کورونا کے 7 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں۔صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ ہسپتال کے بورڈ آف گورنر کو 2 روز کے اندر انکوائری و ایکشن کا کہا گیا ہے۔ مطمئن نہ ہونے کی صورت میں حکومت خود اپنی آزادانہ انکوائری کرائے گی۔دوسری جانب خیبر ٹیچنگ ہسپتال کورونا مریضوں کی ہلاکت پر اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ رات 12بجکر40منٹ پر کورونا وارڈ کے مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی میں کمی ہوئی۔ اس وقت کل 110مریض جو کورونا دیگر امریض میں مبتلا تھے اکسیجن پر تھے۔پرائیویٹ کمپنی نے بروقت اکسیجن نہیں پہنچائی جس کی وجہ سے یہ افسوسناک واقع رونما ہوا۔ واقع پر انکوائری کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی،رپورٹ آنے کے بعد ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے واقعہ میں کل 6اموات ہوئیں جن میں چارسدہ کے نورالبسرعمر 60،لاکہ ریے کانیزہ پشاورکے خارز گل عمر 50 سال،شانگلہ کی دل آرمہ عمر 60 سال،پبی نوشہرہ کی شیماء بی بی عمر 45 سال،نوشہرہ کے قادر شاہ عمر 62 سال پشاورکی راحت بیگم عمر 65سال شامل ہے۔دوسری جانب ملک میں کورونا کی دوسری لہر بے قابو ہو نے لگی، گزشتہ روز مزید 58 افرادجاں بحق ہونے سے اموات کی مجموعی تعداد 8 ہزار 361 تک جاپہنچی۔این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹے میں تین ہزار 308 نئے مریض سامنے آئے ہیں، مہلک وائرس سے 4 لاکھ 16 ہزار 499 شہری متاثر ہو چکے جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 53 ہزار 126 تک پہنچ چکی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ روز41 ہزار 645 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جبکہ ملک بھر میں کورونا سے متاثر 2 ہزار 436 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 3 لاکھ 55 ہزار 12 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔خیبرپختونخوا میں کورونا کی دوسری لہرمیں شدت پیدا ہورہی ہے، صوبہ میں دوسری لہر کے دوران متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار کے قریب ہو گئی، کیسز میں اضافے کے باوجود شہریوں کی بے اعتنائی اورغیرسنجیدگی بھی عروج پر ہے۔  محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق ایک ہی دن میں مختلف ہسپتالوں میں کورونا کے 10 مریضوں نے دم توڑدیا۔جبکہ حیدآباد میں ضلعی انتظامیہ نے تحصیل سٹی، لطیف آباد، قاسم آباد اور ٹنڈوجام کے 12علاقوں میں آج سے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان کردیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ضلع بھر کی 6 یوسیز کے بارہ علاقوں میں سات دسمبر سیاسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جائے گا۔ادھر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے نماز جمعہ کے دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فیصل مسجد کا اندرونی ہال سیل کردیاہے۔ جس کے بعد مسجد کے اندرونی حال میں باجماعت نماز ادا نہیں کی جاسکے گی۔ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح7.94 فیصد ہوگئی ہے۔این سی اوسی کے مطابق میر پور میں مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ 22 فیصد ریکارڈ کی گئی۔کراچی 17.39 فیصد کیساتھ پہلے اور پشاور 16.02 فیصد شرح کے ساتھ دوسرے،راولپنڈی میں شرح11.26 فیصد تک پہنچ گئی۔

کورونا ہلاکتیں 

مزید :

صفحہ اول -