ووٹر ڈے منانے کا مقصد ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، سپیکر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ ووٹرز ڈے منانے کا مقصد عوام میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں ہر شہری کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا حق ہوتا ہے، اور عوام اپنے ووٹ سے مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر کیا جو ہر سال 7 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ آئین ملک میں بسنے والے تمام لوگوں کو حق رائے دہی کے ذریعے جمہوری قوتوں کو مضبوط کرنے کا مکمل اختیار دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں خواتین کا کردار بہت اہم ہے جس کے ذریعے وہ اپنے حقوق کا تحفظ کر سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مجموعی طور پر 97 ملین رجسٹرڈ ووٹرز ووٹ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکتے ہیں۔ ملک میں 44فیصد ووٹرز کے عمریں 35 سال تک ہیں جو انتخابی عمل پر مثبت اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن اور حکومتی جماعتوں کو آپس کے اختلافات بھلا کر مشترکہ طور پر انتخابی اصلاحات لانے پر زور دیا۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ ووٹ کی طاقت عوام کو ایک مخلص قیادت چننے کا حق دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ووٹر کے ذریعے ملک کو بہترین قیادت دے کر اسے ایک روشن مستقبل دے سکتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ عوام میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
سپیکر قومی اسمبلی