بھارت میں مساجد آج بھی نشانے پر ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے تاریخی بابری مسجد کی شہادت کے 28سال گزرنے کے باوجود آج بھی بھارت میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔تاریخی بابری مسجد کی شہادت کے 28برس مکمل ہونے پر دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بابری مسجد کی شہادت کا واقعہ مسلمان مخالف، مذہبی آزادی اور بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی تھا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آج کادن تاریخی بابری مسجدکی شہادت کاغم یاد دلاتا ہے، دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بابری مسجد کی شہادت نام نہاد جمہوریت بھارت کے چہرے پر ایک سیاہ دھبہ ہے جس کو مٹایا نہیں جاسکتا، بھارتی سپریم کورٹ کے ناقص فیصلے کی وجہ سے رام مندرکی تعمیر کی راہ ہموار ہوئی۔دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت میں کرونا پھیلانے میں بھی مسلمانوں کوہی قصور وار ٹھہرایا گیا،بھارت اقلیتوں باالخصوص مسلمانوں،ان کی عبادت گاہوں،مقدس مقامات کاتحفظ کرے۔
بابری مسجد