عوام ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں: سید اشتیاق ارمڑ
پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات سید اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ ملک اور قوم کو ان دنوں کرونا وائرس جیسے نازک حالات کا سامنا ہے لہٰذا وقت کا تقاضا ہے کہ ہر محب وطن شہری صاف ستھرے ماحول کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے اور آلودہ ماحول و مہلک امراض سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ شجر کاری کرے۔وہ پشاور میں اپنی رہائش گاہ پر علاقہ عمائدین سے بات چیت کر رہے تھے۔صوبائی وزیر نے کرونا وائرس، ماحولیاتی آلودگی اور دیگر مہلک امراض کے خاتمے میں تحریک انصاف حکومت کے موثر اقدامات اور جدوجہد پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کے ساتھ مخلص ہے اور بلا امتیاز عوامی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ موجودہ حکومت جو قوم کی پر خلوص خدمت اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہے عوام کے تعاون سے ملک کو کرونا وائرس سے انشاء اللہ پاک کر کے خوشحالی سے ہمکنار کرنے میں کامیاب ہو گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور رس عملی اقدامات کی بدولت معاشرے میں ایک خوشگوار تبدیلی رونما ہو گی۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ ایس او پیز کی ہر گز خلاف ورزی نہ کریں تاکہ جلد ہی کرونا کی دوسری لہر پر بھی قابو پایا جا سکے۔