پنجاب بھر میں آج قومی ووٹرز ڈے منایا جائیگا
لاہور(این این آئی)دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں ہر سال کی طرح اس سال بھی (آج) سات دسمبر کو قومی ووٹرز ڈے منایا جائیگا،ہر سال کی طرح اس سال بھی ووٹرز ڈے کی مرکزی تقریب لاہور میں دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں منعقد کی جائیگی جس کی صدارت ممبر الیکشن کمیشن پنجاب، جسٹس ریٹائرڈ الطاف ابراہیم قریشی کریں گے، علاوہ ازیں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، غلام اسرار خان اور جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر،سعید گل اس دن کی مناسبت سے، ووٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔ جبکہ پنجاب کے تمام اضلاع میں ضلعی سطح پر متعلقہ ضلعی الیکشن کمشنرز ووٹرز ڈے کی تقریبات منعقد کریں گے۔ رواں سال COVID-19 کے پیش نظر قومی ووٹرز ڈے کی تقریبات محدود پیمانے پر سادگی سے اور احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے منعقد کی جائیں گی۔ قومی ووٹرز ڈے منانے کا مقصد یہ ہے کہ قوم کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے اور قوم کی کثیر تعداد جن کے ووٹ کا اندراج نہیں ہوا ان کے ووٹ کے اندراج اور جمہوری عمل میں ان کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ علاوہ ازیں عوام الناس میں ووٹ کی اہمیت اور اس قومی فریضے کی احسن طریقے سے ادائیگی کی اہمیت کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے۔
قومی ووٹرز ڈے