وزارت داخلہ کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کی ملیشیا کیخلاف موثر اقدامات کی ہدایت
اسلا م آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزارت داخلہ نے سیاسی و مذہبی جماعتوں کی ملیشیا کے خلاف صوبائی حکومتوں کو موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔
وزارت داخلہ کے اعلامیہ کے مطابق سیاسی اورمذہبی جماعتوں نے اپنی ملیشیا بنا رکھی ہیں ،وزارت داخلہ نے قانون کی خلاف ورزی پر وارننگ جاری کردی،وزارت داخلہ کاکہنا ہے کہ مختلف جماعتوں کے ملیشیا مسلح افواج جیسی وردی اوررینکس لگاتے ہیں ،ملیشیا بنانا آئین کے آرٹیکل 256 اور نیشنل ایکشن پلان کے تیسرے نکتہ کی خلاف ورزی ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو سیکورٹی صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے،اس معاملے سے ملک کا دنیامیں منفی تاثر ابھرے گا،ایسی تنظیمیں غلط مثال قائم کررہی ہیں۔
وزارت داخلہ کامراسلہ میں کہنا ہے کہ تمام صوبائی حکومتیں فوری اس بات کانوٹس لیں ،صوبائی حکومتیں اس کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کریں ،وفاقی حکومت معاملے میں ہر طرح کی مدد کیلئے تیار ہے ۔