سندھ ہائیکورٹ ،پاکستان سٹیل کے ملازمین کی برطرفیوں کیخلاف فوری سماعت کی درخواست مسترد
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان سٹیل کے ملازمین کی برطرفیوں کیخلاف فوری سماعت کی درخواست مسترد کردی ، عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے پر مطمئن کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پاکستان سٹیل کے ملازمین کی برطرفیوں کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس عدنان کریم نے کہاکہ پاکستان سٹیل توبند ہے یہ ملازمین کہاں کام کررہے تھے؟،وکیل نے کہاکہ 4ہزار544 ملازمین کی برطرفی کااقدام غیرقانونی ہے،جسٹس ندیم اختر نے کہاکہ دنیا بھر میں صنعتیں بند ہورہی ہیں ڈاﺅن سائزنگ ہو رہی ہے، عدالت نے کہا کہ اگر پاکستان سٹیل چل ہی نہیں رہی تو ملازمین وہاں کیا کررہے ہیں ؟۔
ندیم شیخ ایڈووکیٹ نے کہاکہ ہم لیبریونین کی حیثیت سے ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے آئے ہیں ،عدالت نے کہاکہ آپ آئے ہیں مگر سی بی اے نے کوئی درخواست دائر نہیں کی ،عدالت نے برطرفیوں کیخلاف فوری سماعت کی درخواست مسترد کردی،عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے پر مطمئن کرنے کی ہدایت کردی۔