”مشکل وقت گزر گیا، اب تمام کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں“ آئیسولیشن ختم کرنے کی اجازت ملتے ہی قومی ٹیم کے منیجر بھی میدان میں آ گئے

”مشکل وقت گزر گیا، اب تمام کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں“ آئیسولیشن ختم کرنے ...
”مشکل وقت گزر گیا، اب تمام کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں“ آئیسولیشن ختم کرنے کی اجازت ملتے ہی قومی ٹیم کے منیجر بھی میدان میں آ گئے
سورس:   Twitter

  

کرائسٹ چرچ (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر منصور رانا نے کہا ہے کہ مشکل وقت گزر گیا، اب تمام کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور پوری توجہ صرف اور صرف کھیل پر ہو گی۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ سکواڈ کی کرائسٹ چرچ میں مینجڈ آئیسولیشن ختم ہو گئی ہے اور سکواڈ کل کوئنز ٹاؤن روانہ ہو گا جہاں کھلاڑی ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گے۔ پاکستانی سکواڈ نے 14 روزہ مینجڈ آئیسولیشن کرائسٹ چرچ میں مکمل کی، اس دوران سکواڈ کو متعدد بار کووڈ 19 ٹیسٹنگ کے عمل سے گزرنا پڑا۔

آئیسولیشن کے دوران کچھ کیسز مثبت آنے کی وجہ سے پہلے سے طے شدہ ٹریننگ کی اجازت نہ مل سکی اور سکواڈ کو صرف چہل قدمی کی اجازت تھی۔ پاکستان سکواڈ کے اراکین کا وقت مینجڈ آئیسولیشن کی وجہ سے ہوٹل کے کمروں میں ہی گزرا جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

اب پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر منصور رانا کا کہنا ہے کہ مینجڈ آئیسولیشن میں گزرا یہ وقت مشکل ضرور تھا لیکن اب یہ وقت گزر گیا ہے اور تمام کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں، امید ہے اب ان کا سارا فوکس کھیل پر ہو گا، وہ کھیل پر توجہ دینے کی اہلیت بھی رکھتے ہیں، ٹیم مینجمنٹ نے لڑکوں کی ذہنی اور جسمانی تندرستی کیلئے مختلف سیشنز کا اہتمام بھی کیا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ اس دوران ہم نے گراو¿نڈ میں پریکٹس کو ضرور مس کیا اور اب اس کا موقع کوئنز ٹاو¿ن میں ملے گا جہاں ہم کل پہنچیں گے، ہم اس وقت سب کچھ بھلا کر مستقبل کے بارے میں سوچ رہے ہیں اور مستقبل کی ہی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ کوچنگ سٹاف نے کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کی ہے، امید ہے کہ کھلاڑی مختصر وقت میں بھرپور ٹریننگ سیشنز سے مستفید ہوں گے۔

مزید :

کھیل -