پی ایم ایل این گلف نے یو اے ای کا نیشنل ڈے منایا
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان مسلم لیگ ن گلف و مڈل ایسٹ کی طرف سے متحدہ عرب امارات کا قومی دن دبئی میں منایا گیا جس میں پی ایم ایل این گلف و مڈل ایسٹ اور متحدہ عرب اماراتی کے لیگی ارکان نے شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام پی ایم ایل این گلف و مڈل ایسٹ کے صدر چودھری احسان الحق باجوہ ایم این اے نے کیا تھا جس میں سابقہ وزیر خزانہ اسحق ڈار کے بیٹے حسنین ڈار نے بھی شرکت کی۔
دیگر شرکاءمیں خلیل بونیری، سردار آصف کریم، چودھری نبیل ظفر، راجہ ابوبکر آفندی، چودھری فیصل الطاف، عامر سہیل گھمن، شہزاد بٹ، جان قادر، میاں غلام محی الدین، غلام صدیق، چودھری صغیراحمد، چودھری شاہد بشیر اور حاجی محمد یونس شامل تھے۔اس موقع پر کیک کاٹا گیا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی جبکہ متحدہ عرب امارات کے عوام الناس اور حکمرانوں کو بھی خیر سگالی اور مبارکباد کے پیغامات پہنچائے گئے۔
یو اے ای کے نیشنل ڈے کی تقریب کے موقع پر چودھری احسان الحق باجوہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ہمارا دوسرا گھر ہے لہٰذا یہاں کے قوانین کی پاسداری ہم سب کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے حکمرانوں نے ہمیں حصول روزگار کا بہترین ماحول فراہم کررکھا ہے لہٰذا ہمیں بھی اس ملک کی خیر و برکت کے لئے دعا کرنی چاہیے اور اس کی بہتری و مزید خوش حالی کے لئے اپنا اپنا فرض ادا کرنا چاہیے۔
چودھری احسان الحق باجوہ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات دیرینہ ہیں ۔ دونوں ممالک سکھ دکھ میں ایک دوسرے کے ساتھی ہیں لہٰذا ہم سب کو مل جل کر دونوں ممالک کے دوران تعلقات مزید بہتر بنانے کے لئے کام کرنا چاہیے۔ شرکائے تقریب نے یو اے ای کے حکمرانوں اور عوام الناس کے لیے نیک جذبات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے مابین خوشگوار اور مضبوط تعلقات کے لیے دعا بھی کی۔